دہشتگردی کی تحقیقات میں بھارت سے یکطرفہ تعاو ن نہیں ہونا چاہیے،ساجد میر
لاہور (پ ر) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجدمیر نے کہا ہے دہشت گردی کی تحقیقات میں بھارت سے یک طرفہ تعاون نہیں ہونا چاہیے بھارت نے سمجھوتہ ایکسپریس کے مجرم کے خلاف آج تک کوئی کاروائی نہیں کی۔جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی بنیاد ناانصافی ہے ہمیں اصل محرکات کا بھی جائزہ لینا چاہیے ہشت گردی کا چیلنج پوری دنیا کو درپیش ہے بھارت سے زیادہ دہشت گردی کا سامنا پاکستان کو ہے۔پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ خطے میں قیام امن کی کوششوں کے حق میں ہیں تاہم پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات میں پاکستان سرعت کا مظاہرہ کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جلال آباد کے پاکستانی قونصلیٹ میں دھماکہ بھارت کے علاوہ کون کر سکتا ہے یہ سب کچھ اس دھمکی کے بعد ہو رہا ہے جو بھارتی وزیر نے منگل کو دی ہے کہ اب دشمن کو بھی وہی تکلیف پہنچائیں گے جو بھارت کو پٹھانکوٹ کی وجہ سے پہنچی ہے۔ سوال یہ ہے کہ ہم نے دھماکوں کے لئے بھارت سے کس مجرم کو مانگاہے؟ ان کا کہنا تھا کہ اصل میں پٹھان کوٹ کے واقعہ کو بنیادبنا کر بھارت مذاکرات سے بھاگنے کی کوشش کررہا ہے۔ بھارت سے پوچھا جائے کہ اس نے یواین او کو دیے گئے پاکستان میں مداخلت کے ثبوتوں کا کیا جواب دیا ہے۔