قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لینے کیلئے کڑا احتساب ضروری ہے ، شہباز شریف

قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لینے کیلئے کڑا احتساب ضروری ہے ، شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے غر بت، جہالت، بیروزگاری کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا واحد راستہ تعلیم ہے۔ بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام کے حصول اور خودکفالت کی منزل بھی فروغ تعلیم کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے کے کونے کونے میں علم کے چراغ روشن کئے ہیں۔ گزشتہ 8 برسوں کے دوران پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات میں ایک ارب روپے سے زائد کے انعامات تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی آمدن سے ایک لاکھ ہونہار مستحق طلبا و طالبات کو وظائف دیئے جا رہے ہیں۔ آئندہ ایک برس میں وظائف کی تعداد 2 لاکھ کی جائے گی۔ پنجاب حکومت کے تعلیمی پروگراموں کی خوبی یہ بھی ہے کہ اس میں پنجاب کے علاوہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور فیڈرل بورڈ اسلام آباد کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا گیا ہے جس سے قومی یکجہتی، یگانگت، بھائی چارہ اور صوبائی ہم آہنگی فروغ پا رہی ہے۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ایوان اقبال میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2015 کے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات میں ساڑھے اٹھارہ کروڑ روپے کے انعامات تقسیم کئے۔ صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، عائشہ غوث پاشا، ملک ندیم کامران، بیگم ذکیہ شاہنواز، ڈاکٹر فرخ جاوید، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، وائس چیئرمین پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ڈاکٹر امجد ثاقب، چیئرمین پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن، ماہرین تعلیم، دانشوروں، کالم نگاروں، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، اساتذہ اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عظیم دن ہے کہ پاکستان بھر سے پوزیشن ہولڈرز ایوان اقبال میں جمع ہیں۔ پنجاب حکومت ہر سال اس تقریب کا انعقاد کرتی ہے جس میں قومی یکجہتی کا رنگ نظر آتا ہے۔ بلاشبہ یہ تقریب قومی یکجہتی، باہمی محبت اور صوبائی روابط کو فروغ دینے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں پر رونے دھونے کی بجائے ماضی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے اور شبانہ روز محنت سے اپنی منزل حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا قومی منصوبہ حقیقت بن چکا ہے اور یہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔ سی پیک کے تحت پاکستان بھر میں توانائی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے انشاء اللہ پاکستان کے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور ہر طرف روشنی ہی روشنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3600 میگاواٹ کے بجلی کے منصوبوں میں قوم کے 112 ارب روپے بچائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں گزشتہ اڑھائی برسوں کے دوران شفاف طریقے سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں اور انشاء اللہ وزیراعظم کی قیادت میں دن رات محنت کرکے ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے اور ملک کو بانیان پاکستان کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم پر صرف اشرافیہ کا حق نہیں بلکہ پشاور سے کراچی تک معیاری تعلیم پر ہر بچے کا حق ہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔ مجھے امید واثق ہے کہ ہم اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے۔ راستہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقدہ ہوا،جس میں میڈیکو لیگل ایگزمینشن سسٹم میں بہتری لانے کے لئے اصلاحات کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرمینل جسٹس سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے میڈیکو لیگل ایگزمینشن نظام میں اصلاحات وقت کا تقاضا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ میڈیکو لیگل ایگزمینشن سسٹم میں بنیادی اصلاحات کے حوالے سے جامع سفارشات مرتب کی جائیں اور میڈیکو لیگل کا علیحدہ کیڈر بنانے کا جائزہ لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عملے کی تربیت اور استعدادکار بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکو لیگل ایگزمینشن سسٹم میں اصلاحات کر کے کرمینل جسٹس سسٹم کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو 15روز میں حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ ،معاون خصوصی رانامقبول احمد،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری پراسکیوشن اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کراچی کے معروف فلاحی ادارے کے بانی مولانا بشیر فاروقی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی اور پنجاب میں ادارے کی جانب سے آئی ٹی ٹریننگ سنٹر کے قیام کی تجویز پیش کی۔ وزیر اعلی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی کم وسیلہ طبقات کی مدد اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا عبادت سے کم نہیں۔ ایسے نیک کام کرنے والے ادارے اور افراد کا جذبہ قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت انتہائی کم وسیلہ افراد کی مدد کے لئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے معروف فلاحی ادارے کی جانب سے لاہور میں آئی ٹی ٹریننگ سنٹر کے قیام کی تجویز خوش آئند ہے ۔ پنجاب حکومت آئی ٹی ٹریننگ سنٹر کے قیام کے لئے تعاون کے لئے تیار ہے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ منصوبے کا قابل عمل ماڈل تیار کر کے پیش کیا جائے۔ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کمیٹی منصوبے کے خدوخال کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کرے۔فلاحی ادارے کے بانی مولانا بشیر احمد فاروقی نے وزیر اعلی پنجاب کو اپنے ادارے کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔صوبائی وزراء ملک ندیم کامران ، سید ہارون احمد سلطان بخاری ، وائس چیئرمین پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ڈاکٹر امجد ثاقب، سیکرٹریز زکوۃ وعشر ، سماجی بہبود کے علاوہ فلاحی ادارے کے صدر یوسف لاکھانی اور دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی تاریخ و ادبی ورثہ کی ترویج کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے عرفان صدیقی کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ عرفان صدیقی کی رہنمائی میں ادبی اور تاریخی ادارے اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کر سکیں گے۔ قومی تاریخ اور ادبی ورثہ کی ترویج کیلئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ سے روشناس کرانے کیلئے عرفان صدیقی اپنی تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ کے افکار کے فروغ میں تعاون جاری رکھیں گی۔ عرفان صدیقی نے وزیراعلیٰ کو اپنی نئی ذمہ داریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

مزید :

صفحہ اول -