دولت مندوں نے جمہوریت کویرغمال بنا رکھا ہے، لیاقت بلوچ

دولت مندوں نے جمہوریت کویرغمال بنا رکھا ہے، لیاقت بلوچ

لاہور(نمائندہ خصوصی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ بوسیدہ اور گلے سڑے انتخابی نظام نے عوام سے ان کا حق حکمرانی چھین لیا ہے ،سرمایہ دار اور جاگیر دار اپنی دولت کے بل بوتے پراقتدار کے ایوانوں پر قابض ہیں،جبکہ عوام کو بنیادی ضروریات سے بھی محروم کردیا گیا ہے ۔پی کے 93دیر سے جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے کا اعلان نہ کرنا بدنیتی ہے ۔الیکشن کمیشن کی تشکیل نو نہ ہوئی تو 2018ء کے انتخابات پر بھی کوئی اعتماد نہیں کرے گا ۔انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے ضروری ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کی تجاویز پر فوری عمل درآمد کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ پانچ روزہ تربیت گاہ کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ الیکشن کمیشن بے بسی کی تصویر بنا ہوا ہے اور اسے اتنا بھی اختیار نہیں کہ وہ اپنے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرواسکے ،انتخابی نظام ،سیاست اور جمہوریت کو دولت مندوں نے یرغمال بنا رکھا ہے ۔کروڑوں اور اربوں روپے خرچ کرکے انتخابی ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں مگر آئین و قانون کو مذاق بنانے والوں سے باز پرس کی کسی کو جرأت نہیں ہوتی ۔

مزید : علاقائی