سردار ایاز صادق دولت مشترکہ کی سپیکرز کانفرنس کی قائمہ کمیٹی کے رکن منتخب

سردار ایاز صادق دولت مشترکہ کی سپیکرز کانفرنس کی قائمہ کمیٹی کے رکن منتخب

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق 54ممالک پر مشتمل دولت مشترکہ کی سپیکرز کانفرنس کی قائمہ کمیٹی میں بطور نمائندہ برائے ایشیا منتخب ہو گئے ہیں۔ ان کا انتخاب ملائیشیا کے شہر کوتاکینا بالو (Kota Kinabalu) میں منعقد ہونے والے 23ویں دولت مشترکہ کانفرنس برائے سپیکر زو پریزائڈنگ آفیسرز(CSPOC)میں کیا گیا۔سردار ایاز صادق کا نام مالدیپ کی پارلیمانی مجلس کے سپیکر عبداللہ ماسیح محمد(Abdulla Maseeh Mohamed) کی جانب سے تجویز کیا گیا جس کی تائید سری لنکن پارلیمان کے سپیکر کارو جیسوریا (Karu Jayasuriya)کی جانب سے کی گئی۔اس انتخاب کے بعد سردار ایاز صادق سپیکرز کانفرنس کی قائمہ کمیٹی کے رکن کے طور پر دو سال کی مدت کے لئے2018تک خدمات انجام دیں گے۔واضح رہے کہ مذکورہ تین روزہ کانفرنس میں پاکستان کی جانب سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کی سربراہی میں دو رکنی پارلیمانی وفد نے شرکت کی۔ ڈپٹی سپیکر نے شرکاء کو پاکستان کی حمایت کے لئے قائل کیا۔انہوں نے جمہوریت کے استحکام، عالمی امن اور علاقائی سلامتی کے لئے پاکستان کی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے دیگر رکن ممالک سے پاکستان کی نامزدگی کے لئے تعاون کی درخواست کی۔اس موقع پر مرتضیٰ جاوید عباسی نے پارلیمانی جمہوریت کی مضبوطی اور گڈگورننس کے فروغ کے لئے مشترکہ تعاون پر زور دیا۔انہوں نے کانفرنس کے شرکاء سے دولت مشترکہ ممالک میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انہیں حق خودارادیت سے محروم کرنے کے معاملات پر پر نوٹس لینے کا کہا۔CSPOCدولت مشترکہ کے رکن ممالک کے سپیکرز پر مشتمل پارلیمانی فورم ہے جو ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہے جہاں جمہوری اداروں کی مضبوطی اور قانون ساز اداروں کے معاملات کے حوالے سے گفتگو کی جاتی ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول