ملتان کو صاف ستھرا،سرسبز و شاداب بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں:رفیق رجوانہ

ملتان کو صاف ستھرا،سرسبز و شاداب بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں:رفیق رجوانہ

ملتان (سٹاف رپورٹر، سپیشل رپورٹر، خبر نگار خصوصی، کامرس رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملتان شہر کو صاف ، خوبصورت اورسرسبز و شاداب بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کریں، کسی بھی قسم کی سستی و کاہلی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یونین کونسلز کے چیئرمین اور کونسلرزصفائی اور سیوریج کے حوالے سے مانیٹرنگ کریں گے اور فیڈ بیک دیں گے کہ متعلقہ اداروں کی کارکردگی کیسی ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہاؤس ملتان میں واسا ، ملتان سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے اجلاسز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی مظہر عباس راں، مہدی عباس لنگاہ، سابق ایم پی سعید انصاری، ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل، ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کوثر خان،ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی احمد شہر یار، ایم ڈی واسا وسیم باجوہ ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر رضوان نذیر، بھی موجود تھے ۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق نے مزید کہا کہ پورے شہر کی باقاعدگی سے صفائی کی جائے ۔ صفائی اور سیوریج کے حوالے سے عوام کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ سیور مین کو کٹس کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ کوئی بھی سیور مین بغیر کٹ کے گٹر میں نہ اُترے۔ ایم ڈی ملتان سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی احمد شہر یار نے بتایا کہ شہر کے تقریباً 70 فیصد علاقوں سے روزانہ کی بنیاد پر سالڈ ویسٹ اکٹھا کیا جار ہا ہے۔ روزانہ 18 ہزار ٹن سالڈ ویسٹ اکٹھا کیا جاتا ہے گاڑیوں میں ٹریکر سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، شہر میں 250 خالی جگہوں پر پڑے ہوئے کوڑا کرکٹ کی صفائی کر دی گئی ہے۔ ورکرز کی کمی کا سامنا ہے جیسے ہی کمی پوری ہو جائے گی صفائی کے نظام میں مزید بہتری آ جائے گی۔ شہر کی مختلف سڑکوں کے ساتھ کنکریٹ کے کُوڑا دان بنائے جائیں گے۔ ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی میڈم کوثر خان نے کہا کہ ملتان شہر میں 69 پارکس ، 3 پلے گراؤنڈ ز موجود ہیں جن کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ تمام ملازمین کی ڈیوٹی میں باقاعدگی لائی گئی ہے اور ان کی سپیشل چیکنگ کی جاتی ہے۔ مارچ کے دوسرے ہفتے میں جشن بہاراں کے انعقاد کے حوالے سے بھی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ہمیں قانون کی تعلیم کے معیار اور کارکردگی کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔کوالٹی ایجوکیشن پیدا کرنے کے لئے اچھے اساتذہ کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی۔سینئر وکلاء کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے جونیئر کی تربیت اور رہنمائی کریں۔پیشہ وارانہ اخلاقیات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سید محمد علی گیلانی،جنرل سیکرٹری محمد مالک خان لنگاہ اور سینئر وکلاء بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تمام بارز کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔میری کوشش ہے کہ تحصیل کی سطح کی بار میں بھی بہترین و جدیدلائبریری اور آئی ٹی لیبز موجود ہوں تاکہ وکلاء کتب خانے کے ساتھ منسلک ہو کر اپنی استعداد کار کو بڑھائیں اور اپنے کیسز کی اچھی طرح تیاری کرکے جائیں۔بہت سے لاء کالجز ایسے ہیں جن کا معیار بہتر نہیں ہے۔اس حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں کہ لاء کالجز کے تعلیمی معیار کو بہتر بنایاجائے۔ ہائی کورٹ بار کے مطالبات اور مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میری تجویز ہے کہ بینوولینٹ فنڈ کے حوالے سے ایک ٹرسٹ قائم کیا جائے جس میں ایک رقم موجود ہو اور اس کی آمدن سے ایسے وکلاء جو بزرگ اور ضعیف ہونے کی وجہ سے اپنی پریکٹس جاری نہ رکھ سکیں ان کی مدد کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب کی خواہش ہوتی ہے کہ جو بھی وکلاء لاہور آئیں ان سے ملاقات کریں ۔گورنرپنجاب ملک رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ ٹیکس کی ادائیگی ایک قومی فریضہ اورٹیکس ریٹرن جمع کراناقانونی تقاضے ہیں۔ملتان ٹیکس بارمیں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہاکہ بار اوربنچ کی کارکردگی ایک دوسرے کی کارکردگی کی آئینہ دارہوتی ہے،بنچ نے فیصلے چہرہ دیکھ کرنہیں بلکہ قانون اوردلائل کے مطابق دینے ہوتے ہیں ۔ملتان میں اپیلنٹ ٹربیونل کے قیام کیلئے اقدامات اٹھائیں جائیں گے جبکہ انہوں نے بارکی لائبریری کے لئے کتب کی فراہمی کابھی وعدہ کیا۔اس موقع پرکمشنران لینڈریونیوملتان زون زبیربلال نے کہاکہ ملتان میں اگراپیلنٹ ٹربیونل قائم کیاجائے توآر ٹی اوملتان میں بھی جگہ دستیاب ہوسکتی ہے۔ٹیکس بارملتان کے صدر اے معیدخواجہ نے کہاکہ گورنرپنجاب کوہم نے اپنے مسائل سے آگاہ کردیاہے امیدہے نہ صرف مسائل حل ہوں گے بلکہ یہاں کے ٹیکس گزاروں کوبہترسہولیات بھی فراہم کردی جائیں گی۔اس موقع پرکمشنرودہولڈنگ ٹیکس یاسر اور دیگراعلیٰ حکام بھی موجودتھے۔ آزاد گروپ کے 14چیئرمینوں نے گذشتہ روز سرکٹ ہاؤس گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ سے ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر آزاد گروپ کے سرپرست حاجی شیخ رفیق و دیگر نے گورنر پنجاب سے ملتان میئر یا ڈپٹی میئر کا مطالبہ بھی کر ڈالا، ذرائع کے کہنا ہے کہ گورنر پنجاب نے آزاد گروپ کے تمام چیئرمینوں کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت دی اور انکی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے فون پر بات بھی کروائی۔ وزیراعلیٰ نے آزاد گروپ کے ممبران کو لاہور آنے کی دعوت دی اور انکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس موقع پر چوہدری اعجاز قمر، زاہد عدنان گڈو، خواجہ سلیمان صدیقی، محمود قریشی، حاجی شبیر انصاری، صدیق انصاری، زاہد خان، اکبر لعل، سلیم اللہ خان، رانا امجد، یوسف اونگھا و دیگر بھی موجود تھے۔ دریں اضافہ ایم ایس ایف کے سینئر رہنما ساجد گجر نے گذشتہ روز ملتان سرکٹ ہاؤس میں گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں زکریا یونیورسٹی کے معاملات بارے آگاہ کیا اور بے ضابطگیاں کی نشاندہی بھی کی۔ جس پر گورنر پنجاب نے از خود تحقیق کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

مزید : ملتان صفحہ اول