وفاقی حکومت کے تمام وعدے جھوٹے ثابت ہوئے ،ذوالفقار قائم خانی

وفاقی حکومت کے تمام وعدے جھوٹے ثابت ہوئے ،ذوالفقار قائم خانی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن نے قوم سے جتنے بھی وعدے کئے وہ سب جھوٹے ثابت ہوئے ، نہ تو توانائی کی قلت پر قابو پایا جاسکا اور نہ ہی عوام کی خوشحالی کیلئے وزیراعظم میاں نواز شریف وہ معاشی دھماکہ کر سکے جس کا وہ راگ الاپنے رہے۔ گزشتہ تین برسوں میں ملک آئی ایم ایف کی کالونی بن کر رہ گیا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے قوم کو مصنوعی تصویر دکھائی جارہی ہے۔ قومی اداروں کو دیوالیئے پن کی دہلیز پر پہنچا دیا گیا ہے اور قومی سلامتی سے بالواسطہ یا بلاواسطہ جڑے ہوئے قومی اداروں کی نجکاری کر کے لاکھوں عوام کو پاکستانی ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔ ان خیالات کااظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور میڈیا سیل سندھ کے رکن ذوالفقار قائم خانی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف آئی ایم ایف کی چیرہ دستیاں ملک کو معاشی طور پر کنگال کررہی ہیں تو دوسری جانب معیشت کا پہیہ جام ہورہا ہے اور پاکستانی برآمدات تیزی سے کم ہورہی ہیں جس کی وجہ سے ملکی سلامتی کو لاحق خطرات بلند ہورہے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر