کراچی فش ہاربر پر حساس اداروں کی کاروائی مچھلی کے 3 تاجر گرفتار

کراچی فش ہاربر پر حساس اداروں کی کاروائی مچھلی کے 3 تاجر گرفتار

کراچی(کرائم رپورٹر) کراچی میں فش ہاربر پراور سٹی اسٹیشن کے قریب حساس اداروں کی کارروائی3افرادکو گرفتار کرلیا گیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں فش ہاربر پرحساس اداروں نے کارروائی کرکے ایک افغان شہری سمیت مچھلیوں کے تین بیوپاریوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان پرکرپشن،اسمگلنگ اور دہشت گردوں کی معاونت کا الزام ہے۔ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے کراچی فش ہاربر کی گجا جیٹی پرجمعہ کی صبح سویرے آکشن کے دوران کارروائی کی۔ رینجرز کی بھاری نفری کے ہمراہ حساس اداروں نے زیر حراست ایک ملزم کی نشاندہی پرمچھلیوں کے ایک بڑے خریدار احمد خان افغانی کو حراست میں لیا۔ذرائع کے مطابق ملزم احمد خان افغانستان کے دارالحکومت کابل سے تعلق رکھتا ہے۔ اس کی گرفتاری سے قبل مچھر کالونی میں اس کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا تھا۔ملزم احمد خان پرکراچی اور افغانستان کے مسلح گروپوں کو مالی معاونت فراہم کرنا کا الزام ہے۔ گجا جیٹی پر چھاپے کے دوران ایک اور بیوپاری سلطان گند والا اور صلاح دین کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم سلطان گند والا فش ہاربر سے نکلنے والے کچرے کا نظام سنبھالتا تھا اور ملزم صلاح الدین اسکا قریبی ساتھی ہے۔ذرائع کے مطابق انڈسٹری کے کچرے سے حاصل خطیر رقم سرکاری اکاؤنٹ کے بجائے نجی کھاتوں میں منتقل کردی جاتی تھی اور رقم کا ایک بڑا حصہ سابقہ حکومت کی اہم شخصیت کو دیا جاتا تھا۔واضح رہے کہ رینجرز نے پانچ ماہ قبل ڈائریکٹر فش ہاربر سلطان قمر صدیقی سمیت چھ اہم گرفتاریاں کی تھیں۔ جن سے تفتیش کے دوران کرپشن اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہوا تھا۔ یہ نیٹ ورک اسلحہ کی اسمگلنگ، لانچوں کے ذریعے دہشت گردوں کی ملک میں آمدورفت ، بھتہ خوری، فشریز انڈسٹریز میں سنگین کرپشن میں ملوث ہے۔ادھرکراچی میں سٹی اسٹیشن کے قریب حساس ادارے کے اہلکاروں نے چھاپا مار کر ایک شخص کو گرفتار کرلیاہے۔ذرائع کے مطابق حساس ادارے کے اہلکاروں نے زیر حراست ملزم کی نشان دہی پر سٹی اسٹیشن کے قریب مکان پر چھاپا مارا، کارروائی میں ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر