قومی کرکٹ کے انداز کو فرسودہ کہنے پر ظہیر عباس کا آرتھر کو جواب
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق کپتان ظہیرعباس نے قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ کا انداز ہرگز فرسودہ نہیں ہوا۔لیجنڈ کرکٹر کے مطابق اعتماد کی کمی آڑے آتی ہے، فتوحات کیلئے ٹیم کو دباؤ سے آزاد ہوکر کھیلنا ہوگا۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ کا انداز فرسودہ ہوچکا جس کا کوئی مستقبل نہیں۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں سنچریوں کی سنچری مکمل کرنے کا اعزاز رکھنے والے ظہیر عباس نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں، میں نے خود ماضی میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے ہوئے گوروں کے دیس میں رنز کے انبار لگائے، مختلف اور مشکل کنڈیشنز میں بھی بہتر کارکردگی دکھائی جا سکتی ہے لیکن اس کیلئے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کرنا ضروری ہے۔