پتنگ بازوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن ،66ملزموں کو گرفتار کر لیا
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے اتوار کے روز شہر میں پتنگ بازوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 66 پتنگ بازوں کو گرفتارکر کے سینکڑوں پتنگیں اور ڈور کی چرخیاں برآمد کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے کینٹ ڈویژن میں 17ملزمان کو گرفتار کر کے 17مقدمات کا اندراج کیا ہے۔ سٹی ڈویژن میں 11ملزمان کو گرفتار کر کے 11مقدمات، اقبال ٹاؤن میں 18ملزمان کو گرفتار کر کے 18مقدمات، سول لائنز میں 12ملزمان کو گرفتار کر کے 7مقدمات، صدر ڈویژن میں 4ملزمان کو گرفتار کر کے4 مقدمات جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 4ملزمان گرفتار کرکے 4مقدمات درج کر کے مجموعی طور پر 66پتنگ بازوں کوگرفتار کر کے61مقدمات کا اندراج عمل میں لایا گیا اور ان سے 100سے زائد پتنگیں، سینکڑوں ڈور کی چرخیاں اور پنے برآمد کیے گئے۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ شہر میں اس خونی کھیل کی ہر گز اجازت نہ دی جائے گی۔ ماضی میں دیکھا گیا ہے کہ اس خونی کھیل سے کئی معصوم جانیں ضائع ہو گئیں جس کے بعد حکومت پنجاب اور پولیس ایک ہی بیج پر ہیں کہ میٹرو پولیٹن شہر لاہور میں پتنگ بازی کی ہر گز اجازت نہ دی جائے گی اور پتنگ بازوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے گی۔