جرائم کی شرح بڑھنے پر 3تھانیدار معطل ،متعدد کو سخت سرزنش اور شوکاز نوٹس

جرائم کی شرح بڑھنے پر 3تھانیدار معطل ،متعدد کو سخت سرزنش اور شوکاز نوٹس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کسی بھی تھانے کی حدود میں جرائم کی شرح میں اضافہ کسی قیمت پربرداشت نہیں کریں گے ۔ہر تھانے کی بیٹس بنا دی گئی ہیں اس لئے ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز کو چاہئے کہ وہ خود فیلڈ میں نکلنے والے بیٹ افسران کی ٹاسکنگ کر یں اور کارکردگی کا جائزہ لیں۔ہر تھانے کی حدود میں پٹرولنگ پلان کے مطابق موثر گشت کو یقینی بنایا جائے ۔کیٹگری اے کے اشتہایوں اور عادی مجرمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل د ی جائیں،جوجرائم پیشہ متحرک ہیں ان کی گرفتاری کے لئے حکمت عملی بنائی جائے ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گزشتہ روز پولیس لائنز قلعہ گجر میں ماہ دسمبر کے دوران کینٹ ڈویژن کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایس ایس پی زاہد محمود گوندل ، ایس پی ہیڈ کواٹرز غلام مبشر میکن ، ایس پی کینٹ رانا طاہر، تمام سرکل افسران، ایس ایچ اوز ، بیٹ افسران، محرران اور محافظوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا منشیات فروشوں اور جوا ریوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔جرائم کی شرح میں کمی کو یقینی بنانا ڈی ایس پی اور ایس ایچ او ز کی بنیادی ذمہ داری ہے جو ایس ایچ او یا بیٹ افسر کام نہیں کرے گا، ایس پی کینٹ اور ڈی ایس پی ا ن کی سپیشل رپورٹ بنا کر میرے دفتر بھجوائیں ۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے جرائم کی شرح بڑھنے پر ایس ایچ او ڈیفنس اے محمد رضا اور ایس ایچ او ڈیفنس بی ضیا الحق کو معطل ، منشیات فروشی کے خلاف موثر کارروائی نہ کرنے پر ایس ایچ او ڈیفنس سی اکرام خان کی سخت سرزنش اور شو کاز نوٹس اور اے ایس پی ڈیفنس سرکل انوش مسعود کو کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت، ایس ایچ او فیکٹری ایریاممتاز علی کو اشتہاری مجرمان گرفتارکرنے کی ہدایت اور آخری موقع، جرائم کی شرح بڑھنے پر ایس ایچ او جنوبی چھاؤنی قمر عباس اور ایس ایچ او شمالی چھاؤنی حسنین فاروق کو کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت ، ناقص سپرویژن پر قائم مقام ڈی ایس پی سرور روڈ سرکل کامران زمان کو بہتر سپرویژن کرنے کی ہدایت ، ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او مصطفی آباد جاوید احمد اور ایس ایچ او غازی آباد عقیق احمد کو وارننگ ،جرائم کی شرح بڑھنے پر ایس ایچ او باغبانپورہ یاسر عباس کو معطل ، ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او ہربنس پورہ صغیر احمد کو آخری وارننگ اور ڈی ایس پی باغبانپورہ سرکل قیصر مشتاق کو سپرویژن بہتر کرنے کی ہدایت ، ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او مناواں نصراللہ کی سرزنش، شو کاز نوٹس اور تھانہ مناواں کے تمام تھانیداروں کو شو کاز نوٹس ، ناقص سپرویژن پر ڈی ایس پی مناواں حسن عزیز میاں کوناراضگی کا مراسلہ اور کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت ، جرائم پر قابو نہ پانے اور وارداتیں بڑھنے پر ایس ایچ او تھانہ ہیئر محمد افضل کی تنزلی ،2شوکا ز نوٹسز اور تمام محافظوں کو جوڈیشل ڈیوٹی بھیجنے کا حکم ، ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او ہڈیارہ صفدر عباس کو شو کاز نوٹس کے احکامات جاری کئے ۔اس موقع پر اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او ز اہلکاروں پر اپنی سپرویژن کو مضبوط کریں تاکہ جرائم کے خلاف کارروائیوں میں مثبت نتائج سامنے آ سکیں۔

مزید :

علاقائی -