جنرل ہسپتال کے شعبہ حادثات میں میڈیکل ریپ کے داخلہ پر پابندی عائد
لاہور(خبرنگار) جنرل ہسپتال انتظامیہ نے مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کو مد نظر رکھتے ہوئے شعبہ حادثات میں میڈیکل ریپ کے داخلہ پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ میڈیکل ایمرجنسی میں بستروں اور نرسنگ سٹاف کی تعداد میں دوگنا اضافہ اور مرد و خواتین مریضوں کے علاج کیلئے علیحدہ کمرے بھی مخصوص کر دیئے گئے ۔ ایمرجنسی کا ماحول صاف ستھرا رکھنے اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کیلئے انتظامی ڈاکٹر ز کو از سرنو ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب کی زیر صدارت اجلاس میں ایمرجنسی کے معاملات کو مزید بہتر بنانے ، مریضوں اور لواحقین کو ممکنہ طور پر درپیش مشکلات کے حل کیلئے معاملات زیر بحث آئے اور شعبہ حادثات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے واضح کیا کہ وقت کی ضرورت کے مطابق انتظامی معاملات میں تبدیلیاں لانا ہماری ترجیجات کا حصہ ہیں ۔ لہذا میڈیکل ایمرجنسی میں بستروں کی تعداد 20 سے بڑھا کر 42 کر دی گئی اور اب تینوں شفٹوں میں 15 کی بجائے 40 چارج نرسیں فرائض سرانجام دیں گی۔ اس سے ایمرجنسی کے معاملات مزید بہتر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو ہمہ وقت توجہ دینے کیلئے ادویات ساز کمپنیوں کے نمائندوں کا داخلہ بند کر دیا گیا اگر کوئی میڈیکل ریپ وہاں نظرآیا تو اس کی تمام ترذمہ داری ڈیوٹی ڈی ایم ایس پر ہو گی جو جوابدہ ہوگا۔ پرنسپل نے اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ اوپن ڈور پالیسی کو یقینی بنائیں، اپنے معاملات کو جانیں اورجزاو سزا کے فارمولا پر عمل کریں۔ ڈیوٹی سے دل چرانے اور وقت کی پابندی نہ کرنے والے اہلکاروں کو قواعد و ضوابط کے مطابق جوابدہ بنائیں اور اس ضمن میں کوئی رعایت نہ برتیں۔ پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کہا کہ ہسپتال میں موجود مریضوں کا چارٹ اپ ڈیٹ رکھنا نرسنگ سٹاف کی ذمہ داری ہے جو انہیں ہر صورت پوری کرنی چاہیے جو ایسا نہیں کرے گا اس کے خلاف بھی کارروائی کو یقینی بنائیں۔پرنسپل ایل جی ایچ نے کہا کہ دستیاب وسائل مریضوں کے علاج معالجہ پر خرچ کئے جا رہے ہیں اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر فلاح و بہبود کے معاملات کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرکر کے ان میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے ۔ انشاء اللہ اس سے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوں گے۔اجلاس میں ایم ایس ڈاکٹر غلام صابر ، ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر سکندر حیات گوندل ودیگر انتظامی ڈاکٹرز موجود تھے۔