پولیو مہم شروع ،ایک کروڑ 84لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائینگے
لاہور(خبرنگار) پنجاب بھر میں پولیو کی تین روزہ قومی مہم جنوری 16 سے 18 تک منعقد کی جا ئیگی ۔ اس مہم میں پورے پنجاب میں تقریباً ایک کڑور چوراسی لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ پنجاب کے وزیر صحت برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے پنجاب میں اگرچہ 2016ء میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم ماحول میں وائرس کی موجودگی اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ابھی بہت سا کام کرنا باقی ہے۔ سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر علی جان خان نے چیف ہیلتھ اتھارٹیزکو ہدایات جاری کیں کہ قومی ایکشن پلان برائے تدارک پولیو پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے۔ کو آرڈینیٹر ایمر جنسی آپریشن سنٹر پنجاب ڈاکٹر منیر احمد نے بتایاکہ سال 2016 ء میں پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہواتھا اور اس سٹیٹس کو برقرار رکھنے کیلئے اس مہم میں چوالیس ہزار چھے سو سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 37845 موبائل ٹیمیں، 4439 فکسڈ ٹیمیں اور2370 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں ۔ پولیو کے خلاف2017 ء میں یہ پہلی مہم ہوگی -پاکستان ، افغانستان اور نا ئیجیریا پولیو سے متاثرہ آخری ممالک میں سے ہیں ۔ گذشتہ سال پاکستان میں 20کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے8 سندھ، 8 خیبر پختونخواہ، 2 فاٹا، اور 2 بلوچستان سے رپورٹ ہوئے جبکہ پنجاب سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دنیا پولیو کی بیماری کی خاتمے کی طرف بڑھ رہی ہے اور پاکستان میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہو ئی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ بین الاصوباٗ ئی بارڈرز پر ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہا ں سے دوسرے صوبوں سے آنے والے بچوں کو قطرے پلا ئے جارہے ہیں ۔