یو سی 158میں5 کروڑ کی مالیت سے پانی اور سیوریج کی لائنیں بچھائی جا رہی ہیں، میاں شبیر

یو سی 158میں5 کروڑ کی مالیت سے پانی اور سیوریج کی لائنیں بچھائی جا رہی ہیں، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) چیئرمین یونین کونسل158 تاج پورہ میاں شبیر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی دلچسپی اور ایم این اے الحاج شیخ روحیل اصغرکے فنڈز سے 5 کروڑ کی مالیت سے صاف پانی اور سیوریج کی لائنیں بچھائی جا رہی ہیں جس سے مضرصحت پانی اور سیوریج کی بندش کی شکایات ہمیشہ کے ئے ختم ہو جائیں گی اور اس منصوبہ کے تحت ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تاج پورہ اتحاد کالونی تاجپورہ روڈ پر وائس چیئرمین میاں بابر محمود کے ہمراہ چار انچ کی ایک ہزار فٹ لمبی پینے کے صاف پانی کی سپلائی لائن بچھانے کے افتتاح کے موقع پر کیا ہے۔ اس موقع پر چودھری الیاس، جنرل کونسلر عدیل احمد، طارق بھٹی، نسیم قریشی، چاچا قاسم، سلامت علی اور باؤ رفیق بھی موجود تھے۔ اس موقع پر میاں شبیر حسین نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کی بندش کودو کرنے کے لئے کئی کئی سال پرانی اور گہری لائنوں کو تبدیل کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے خصوصی دلچسپی لے رکھی ہے جس کے لئے ایم این اے الحاج شیخ روحیل اصغر نے 5 کروڑ کے فنڈز فراہم کر دئیے ہیں جس کے تحت دو نئے ٹیوب ویل اور 20 ہزار سے زائد طویل سپلائی لائنیں بچھائی جا رہی ہیں اور شیخ خرم روحیل اصغرکی نگرانی میں بڑے پیمانے پر تاجپورہ اورغازی آباد میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں چار کیوسک کا ایک نیا ٹیوب ویل غازی آباد بس سٹاپ پر اور دو کیوسک کا ٹیوب ویل تاج پورہ میں لگایا جا رہا ہے جس پر اس ماہ کے آخر پر کام شروع ہو جائے گا۔ اسی طرح لال سکول والی گلی تاج پورہ میں 400 فٹ سیوریج کی لائن ڈالی جا رہی ہے جس سے گزشتہ ایک ہفتہ سے کام جاری ہے جبکہ اس سے پہلے تاج پورہ کی متعدد گلیوں جن میں جج سٹریٹ میں 800 فٹ، محلہ نبی نگر کی چار گلیوں میں سیوریج لائن بچھائی گئی ہے اور مدینہ محلہ کی گلیوں 45 سی اور 45 بی میں صاف پانی کی لائنیں بچھائی گئی ہیں اور ان گلیوں کو دوبارہ تعمیر کر کے پی سی سی کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحاج شیخ روحیل اصغر اور شیخ خرم روحیل اصغر کی قیادت میں علاقہ میں صاف پانی اور سیوریج کی نئی لائنوں کا جال بچھا دیا جائے گا جس سے مضرصحت اور گندے پانی کی شکایات ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائیں گی۔