سوشل میڈیا پر شعائر اسلام کا مذاق اڑانے والے سخت سزا کے مستحق ہیں،ریاض شاہ
لاہور(نمائندہ خصوصی )جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر شعائر اسلام کا مذاق اڑانے والے سخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔ حکومت لبرل سیکولر عناصر کو گستاخیوں سے روکے۔ دین بیزار موم بتی مافیا غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے اسلام پر حملے کررہا ہے۔ سوشل میڈیا پر فرضی ناموں سے سرگرم دین دشمن عناصر اسلام دشمن طاقتوں کے ایجنٹ ہیں۔ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کا قیام ناقابل برداشت ہے۔ شام میں آگ بجھانے کیلئے مسلم حکمران مشترکہ کوششیں کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنّت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ حکومت قانون ناموس رسالت میں ترمیم سے بازرہے۔ 295سی کو چھیڑنا آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ افغانستان میں پاکستان کے سفارت خانے پر حملہ قابل مذمت ہے۔ نظام مصطفی کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ قومی قائدین آپس میں لڑنے کی بجائے بھارتی سازش ناکام بنانے کیلئے متحد ہو جائیں۔