شہر میں گیس کی بوسیدہ لائنیں تبدیل کرنے کا منصوبہ
لاہور(لیاقت کھرل) صوبائی دارالحکومت میں گیس کے لو پریشر اور لیکج کے خاتمے کے لئے جامہ حکمت عملی تیار، پہلے مرحلہ میں 20 گنجان آبادیوں میں بوسیدہ، زائد المعیاد اور کئی کئی فٹ گہری سپلائی لائنوں کو تبدیل کیا جائے گا، جس میں 2،4،6 اور 8 انچ کی سپلائی لائنیں شامل ہیں جن کی مجموعی طور پر 35 کلو میٹر لمبائی اور اس پر 25 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ایم ڈی سوئی گیس کمپنی امجد لطیف کے حکم پر جی ایم لاہور ریجن قیصر مسعود اس اہم ترین پروجیکٹ کی خود نگرانی کریں گے اور اگلے ایک ماہ تک بوسیدہ اور زائد المعیاد پائپ لائنوں کو تبدیل کیا جا رہاہے۔سوئی گیس کمپنی لاہور ریجن سے اس حوالے سے ملنے والے اعدادوشمار کے مطابق گیس کمپنی کے انجینئرز سے مزنگ، سمن آباد، بی بی پاک دامن، غازی آباد، رشید پورہ، بینک کالونی، رسول پارک، گرین ٹاؤن، ٹاؤن شپ، شادباغ، وسن پورہ، گوال منڈی، اتفاق کالونی ، سبزہ زار جیسی 20 سے زائد گنجان آبادیوں میں گیس کی سپلائی کی صورتحال جاننے کے لئے ایک سروئے کروایا گیا ۔ جہاں کئی سال پرانی اور کئی کئی فٹ گہری سپلائی لائنیں پائی گئیں جو کہ انتہائی بوسیدہ ہونے پر زائد المیعاد ہو چکی ہیں اور گیس ان سپلائی لائنوں میں لیکیج کی وجہ سے گیس کی 95 ہزار سے زائد شکایات ریکارڈکی گئی ہیں جس پر گیس کمپنی کے انجینئرز کی رپورٹ پر ان علاقوں میں گیس کی پرانی ، بوسیدہ اور گہری لائنں کو تبدیل کرنے کی سفارش کی گئی، جس میں ایم ڈی سوئی گیس کمپنی امجد لطیف نے گیس کمپنی لاہور ریجن کے جی ایم قیصر مسعود کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر باقاعدہ فنڈز کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 35 کلو میٹر طویل سپلائی لائنیں بچھائی جائیں گئیں اور اس پر 25 کروڑ سے زائد کے فنڈز خرچ ہوں گے۔ اس حوالے سے جی ایم قیصر مسعود نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ اس اہم ترین پروجیکٹ پر بڑی تیزی کے ساتھ کام شروع کردیا گا ہے اور اگلے ایک سے ڈیڑھ ماہ تک تقریباً 15 سے 18 گنجان آبادیوں میں نئی لائنوں کے بچھانے کا کام مکمل کر لیا جائے گا جس سے ان علاقوں میں گیس کے لو پریشر کی شکایات ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائیں گئیں اور اس سے گیس کی سپلائی میں 100 فیصد بہتر ہو جائے گی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ گیس کمپنی کے لائن لاسز میں بھی کمی آئے گی۔