نائجیریا میں یونیورسٹی کی مسجد میں 2دھماکے ،4طلبا اور پروفیسر سمیت 5افراد جاں بحق 15زخمی

ابوجا(ڈیلی پاکستان آن لائن) نائیجیریا میں ایک یونیورسٹی کی مسجد میں ہونے والے 2 دھماکوں کے نتیجے میں 5افراد ہلاک جبکہ 15 سے زائد زخمی ہو گئے ،مسجد میں بم ڈیوائس لگانے والا ایک حملہ آور پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ،دوسرا دھماکہ خودکش حملہ تھا ،نائجیرین حکام کا دعویٰ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دی نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ ریاست بورنو میں واقع یونیورسٹی کے احاطے میں قائم مسجد میں گھس کر 2 حملہ آوروں نے بم ڈیوائس نصب کیا اور بھاگنے کی کوشش کی تاہم یونیورسٹی کے باہر موجود پولیس افسران کی فائرنگ سے ایک دہشت گرد مارا گیا اسی دوران یونیورسٹی کے اندر ایک اور دھماکہ ہوا، دھماکے نتیجے میں ایک پروفیسر اور 4 طلبا ہلاک جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ مسجد میں ہونے والا دوسرا دھماکہ خودکش تھا، زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال داخل کر دیا گیا ہے، فوری طور پر کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ واضح رہے کہ نائجیریا میں بوکو حرام کی شدت پسندانہ کارروائیاں جاری ہیں اور حکومت بوکو حرام کے شدت پسندوں کے خلاف حالت جنگ میں ہے ،حکام کا شبہ ہے کہ مسجد میں ہونے والے دونوں دھماکوں کے پیچھے بوکو حرام کا ہی ہاتھ ہے ۔