احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جاری

احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جاری
احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی دارالحکومت کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جاری ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیب کے تین ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت میں جاری ہے ، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔ ن لیگی رہنما مصدق ملک، پرویز رشید، طلال چودھری، مریم اور نگزیب، سائرہ افضل تارڑ اور امیرمقام بھی جوڈیشل کمپلیکس میں موجود ہیں۔
عدالت نے بیان ریکارڈ کرانے کے لئے استغاثہ کے 3 گواہوں، پولیس سٹیشن نیب لاہور کے سب انسپکٹر عمردراز گوندل، دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر آفاق احمد اور ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ناصر جونیجو کو بیان ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کر رکھا ہے۔ اب تک تینوں نیب ریفرنسز میں استغاثہ کے 13 گواہان بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں۔
سابق وزیر اعظم کے خلاف اب تک فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی 20، ایون فیلڈ پراپرٹیز کی 19 جبکہ العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی 23 سماعتیں ہو چکی ہیں۔ نواز شریف 12، مریم نواز 14 جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر 15 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے ہیں۔