دپیکا پڈوکون کا شادی کے بعد نام تبدیل کرنے سے انکار
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)ناموربالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کا کہنا ہے کہ وہ اپنا نام تبدیل نہیں کریں گی کیونکہ انہوں نے اپنی شناخت بنانے میں بہت محنت کی ہے۔شادی کے بعد خواتین اپنا خاندانی نام (سرنیم) تبدیل کرتی ہیں اوراپنے نام کے ساتھ اپنے شوہر کے نام کا اضافہ کرتی ہیں تاہم اداکار رنویرسنگھ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ دپیکا پڈوکون نے اپنا سرنیم تبدیل کرنے سے انکار کردیاہے۔شادی کے فوراً بعد ایک انٹرویو کے دوران دپیکا نے کہا تھا ہوسکتا ہے شادی کے بعد مجھے اس طرح پکارا جائے ’’دپیکا پڈوکون، رنویرسنگھ پڈوکون کی بیوی‘‘۔ اس انٹرویو میں دپیکا نے اشارہ دیا تھا کہ شاید رنویر بھی اپنا سرنیم تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جب دپیکا سے اس پرانے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھا گیا کہ کیا آپ اوررنویراپنا سر نیم تبدیل کریں گے اور کیا رنویر واقعی ایسا کرنے کا سوچ رہے ہیں؟ تو دپیکا نے اپنے پرانے بیان کو مذاق قراردیتے ہوئے کہا یہ سچ نہیں ہے، میں نے اوررنویر نے اس موضوع پر بات بھی نہیں کی ہے۔ ہم دونوں کے ذہن میں ایسا خیال بھی نہیں آیا ہے۔دپیکا نے مزید کہا ہم نے اس بارے میں سوچا بھی نہیں کیونکہ یہ اتنا اہم معاملہ نہیں ہے، میں نے اوررنویر نے اپنی شناخت بنانے کے لیے بہت محنت کی ہے توہم ایسا کیوں کریں۔