بیروزگاری جرائم کی جانب پہلا قدم ‘ ایاز میمن موتی والا

بیروزگاری جرائم کی جانب پہلا قدم ‘ ایاز میمن موتی والا

کراچی (اکنامک رپورٹر)چیئر مین کراچی تاجر الائنس ایسو سی ایشن و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا کا کراچی بچہ جیل کا دورہ، نابالغ بچوں اور جیل سپرٹنڈنٹ سے ملاقات، ملاقات میں جیل میں موجود بچوں کی تعلیم کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی جرائم کی شرح کو روکنے کے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، نابالغ بچوں کا جرائم کی جانب بڑھنے کی وجوہات کا سدباب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، بچے ہمارے مستقبل کا معمار ہیں ان کی اصلاح اور تعلیم و تربیت والدین کے ساتھ ساتھ حکومت کی بھی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑہتی ہوئی بیروزگاری جرائم کی جانب پہلا قدم ہے ، جب پڑھے لکھے نوجوان لڑکوں کو باعزت روزگار نہیں ملے گا تو وہ اپنی ضروریات پوری کرنے کے لئے جرائم کا راستہ اختیار کریں گے، انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیئے انہیں اپنے اندر صبرو برداشت کا مادہ پیدا کر نے کا درس دینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ کراچی جیل میں قید بچوں سے ملکر ان کے مسائل جانے اور میں اپنی پوری کوشش کرونگا کہ ان بچوں کے بہتر مستقبل کے لیئے اپنا کردار ادا کرسکوں کیونکہ کوئی بھی انسان پیدائشی جرائم پیشہ نہیں ہوتا بلکہ بڑہتی ہوئی معاشرتی تفریق ، انا اور کسی نہ کسی موڑ پر ہونے والے ظلم اس کی وجہ بنتے ہیں، ایاز میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ مجرم سے نہیں بلکہ جرم سے نفرت کرنی چاہیے کیونکہ جرم کرنے والا بھی انسان ہے اوراگر ایسے لوگوں کی اصلاح کرنے کی کوشش کی جائے تو امید ہے کہ ہمارے معاشرے میں لوگ جرائم سے دور ہونا شروع ہو جائیں گے۔

، انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں بڑہتی ہوئی دولت کی نمود ونمائش کی روک تھا م کے لیے بھی حکومت کو اقدامات کرنے چاہیے کیونکہ اس کی وجہ سے بھی معاشرے میں بگاڑ اور غریب نوجوانوں میں احسا س کمتری جنم لیتا ہے اور ان کے اندر بھی جلد از جلد امیر ہونے کی خواہش جنم لیتی اور اپنی اس خواہش کے حصول کے لیے بھی وہ جرائم کی جانب راغب ہوتے ہیں۔

مزید : کامرس