وائس چانسلرکا پنجاب یونیورسٹی میں کینسر ریسرچ سنٹر قائم کرنے کا اعلان

وائس چانسلرکا پنجاب یونیورسٹی میں کینسر ریسرچ سنٹر قائم کرنے کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر) وائس چانسلر پروفیسر نیا زاحمد اختر نے پنجاب یونیورسٹی میں کینسر ریسرچ سنٹر قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنا اعلیٰ اور تحقیقی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی کے زیر اہتمام گروپ آف انٹیلیکچوئیل اینڈ ریسرچ آف پاکستان ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان، پنجاب فوڈ اتھارٹی ، پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ، سرجیکل اونکولوجی سوسائٹی سمیت مختلف فارماسیوٹیکل کمپنیز اور تحقیقی اداروں کے اشتراک سے فارماسیوٹیکل اور بائیوکیمیکل سائنسز ، ریسرچ آن اونکولوجی اور کینسر سائنسز ، فوڈ ۔ایگریکلچرل سائنسز اورٹیکنالوجی پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنسزاور قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کی طرف سے آلات/ٹیکنالوجی اورکمیونٹی ہیلتھ سروسز کی نمائش اور آگاہی واک کی فیصل آڈیٹوریم میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔


س موقع پر چیف آرگنائزر ڈاکٹر ذیشان دانش ، ڈاکٹر حامد سعید، ڈین فیکلٹی آف انجیئنرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر تقی زاہد بٹ، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم حیدر، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر تحسین ضمیر، سینئر فیکلٹی ممبران ، فارماسیوٹیکل کمپنیز کے نمائندوں، مینوفیکچررزاور طلباؤ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر نے کہا کہ قومی سطح پر کینسر کے خلاف کام کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے پنجاب یونیورسٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کینسر جیسی موذی بیماریوں کے علاج کیلئے سستی ادویات کی فراہمی پر مل کر کام کرنا ہوگا اور اسلسلے میں تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کا اکٹھا ہونا اچھا اقدام ہے۔ انہوں نے کینسر سے بچاؤ کیلئے عوام کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے پاکستان کینسر آگاہی پروگرام شروع کرنے پر ڈاکٹر ذیشان دانش کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ذیشان دانش نے کہا کہ کینسر کے 40فیصد مریض بیماری سے نا واقف ہونے کی وجہ سے مر جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس اور نمائش میں دنیا بھر کے 70ممالک سے مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمائش ایکسپو سنٹر میں جاری رہے گی جس میں 120سٹالز پر 2ارب روپے مالیت کے آلات نمائش کے لئے رکھے گئے ہیں۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر کی قیادت میں کینسر بارے آگاہی واک نکالی گئی۔فیصل آڈیٹوریم سے انڈر گریجوئیٹ بلاک تک نکالی گئی ریلی میں شرکاء نے کینسر کے خلاف آگاہی فراہم کرنے کیلئے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔فیصل آڈیٹوریم کے باہرمختلف فارماسیوٹیکل کمپنیز کی طرف سے سٹالز لگائے گئے تھے جبکہ بین الاقوامی طلبہ کی طرف سے کلچرل اشیا کی نمائش کی گئی۔ نمائش بروز بد ھ(آج ٰ) بھی جاری رہے گی۔