لاہور رنگ روڈ اتھارٹی اور کونسل کا اجلاس ،سالانہ بجٹ کی منظوری

لاہور رنگ روڈ اتھارٹی اور کونسل کا اجلاس ،سالانہ بجٹ کی منظوری

لاہور(جنرل رپورٹر) لاہور رنگ روڈ اتھارٹی اور لاہور رنگ روڈ کونسل کے اجلاس میں لاہور رنگ روڈ کونسل کے بجٹ برائے سال 2018-19 کی منظوری دیدی گئی۔اجلاس میں 2017-18 کے نظرثانی شدہ بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس میں لاہور رنگ روڈ کا سدرن لوپ تھری منصوبہ اور سدرن لوپ فور کے منصوبے کیلئے لینڈ ایکوزیشن کے عمل کا آغاز کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں جونیئر پٹرولنگ آفیسر ز کا سکیل اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا،جس کے تحت جونیئر پٹرولنگ آفیسر کوقواعد و ضوابط کے مطابق گریڈ 9 کی بجائے گریڈ 11 دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں قواعد و ضوابط کے مطابق اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کی پوسٹوں کو ریشنلائزیشن کرنے کے اقدام کی منظوری دی گئی۔اس اقدام سے 45 ملین روپے سے زائد کی بچت ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سدرن لوپ تھری کے منصوبے کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کیا جائے گااور اس منصوبے کی تکمیل سے لاہور رنگ روڈ ملتان روڈ سے منسلک ہو جائے گی، اس منصوبے کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے اجلاس میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھانے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہر تاریخی اہمیت رکھتے ہیں لہٰذا تاریخی عمارتوں کو ان کی اصل شکل میں بحال کرنے کا کام سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گااور اس ضمن میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ایکٹ میں ترمیم کی جائے گی۔اس اقدام سے دیگر شہروں میں بھی تاریخی عمارتوں کو اصل حالت میں بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے اتھارٹی کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھانے کے حوالے سے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی،جو اس ضمن میں اقدامات تجویز کرے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہرن مینار کو بھی سیاحت کیلئے مزید پرکشش بنایا جائے۔ اجلاس میں پنجاب کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے فیسٹیول کے انعقاد کی منظوری دی گئی۔علاوہ ازیں صوبائی وزراء اورارکان اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نعروں پرنہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں لہٰذا عوام کی توقعات اور امیدوں پر پورا اتر کر نئے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے اورچندماہ میں عوام کی ترقی و خوشحالی کا روڈ میپ تیار کرکے عملدرآمد شروع کردیا ۔عثمان بزدارسے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان،صوبائی وزیرمحنت و افرادی قوت انصر مجید خان،رکن پنجاب اسمبلی سید افتخار حسن گیلانی،تحریک انصاف گوجرانوالہ کے ٹکٹ ہولڈرمحمد احمد چٹھہ اورچوہدری بلال اعجاز شامل تھے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول