آرٹس کونسل کراچی کی تقریب حلف برادری منسوخ کی جائے : آرٹس فورم پینل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس فورم پینل نے گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی الیکشن 2019-20کے لیے ہونے والے یکطرفہ کامیاب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب منسوخ کرائیں ۔آرٹس کونسل میں قائم ہونے والے بلاک کو احمد شاہ کا نام دینا قابل مذمت ہے ۔علم و ادب کے گہوارے سمجھے جانے والے ادارے کی ایک عمارت کو احمد شاہ جیسے شخص سے منسوب کرنا علم و ادب اور فنون لطفیہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی تضحیک ہے ۔منگل کے روز آرٹس فورم پینل کے صدر ایم اسلم خان ،نائب صدر مبشر میر ،جنرل سیکرٹری نجم الدین شیخ ،اراکین گورننگ باڈی محمد نعیم طاہر ،نسیم شاہ ،قندیل جعفری ،چیف پولنگ ایجنٹ زیڈ ایچ خرم اور دیگر اراکین کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں اپوزیشن کو دیوار سے لگاکر منتخب ہونے اور الیکشن کا ڈرامہ کرنے والے ٹولے کے سربراہ احمد شاہ کی جانب سے اراکین آرٹس کونسل کو دعوت دی جارہی ہے کہ بدھ 16جنوری کو حلف برداری میں شریک ہوں ۔یہ عمل سراسر قابل مذمت ہے ۔آرٹس کونسل کے اراکین کی اکثریت نے الیکشن 2019-20کا بائیکاٹ کیا اور احمد شاہ کے اقدامات پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ۔اپنے بیان میں ان رہنماؤں نے کہا کہ احمد شاہ اور اس کے حواریوں نے جنرل باڈی اجلاس میں ایک معزز خاتون امیدوار قندیل جعفری پر حملہ کیا اور انہیں زدوکوب کیا ۔اس شرمناک عمل کو آرٹس کونسل کے اراکین نے قابل مذمت قرار دیا اور احمد شاہ و دیگر کے خلاف آرام باغ تھانے میں اس کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے ۔آرٹس فورم پینل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجرمانہ اقدامات کرنے والے احمد شاہ اور اس کے اتحادی ٹولے کی حلف برداری کے بجائے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔