چینی سفیر کی وزیر وفاقی منصوبہ بندی سے ملاقات ،گوادر ایئرپورٹ سمیت دیگر منصوبوں کا 3ماہ میں سنگ بنیاد رکھنے پر اتفاق

چینی سفیر کی وزیر وفاقی منصوبہ بندی سے ملاقات ،گوادر ایئرپورٹ سمیت دیگر ...

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان اور چین نے گوادر ائیر پورٹ و دیگر سماجی منصوبوں کی 3ماہ میں سنگ بنیاد رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے سال 2019 ء کو صنعتی، سماجی و معاشی اور زرعی تعاون کا سال قرار دیا ہے ۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار اور چینی سفیر یاؤ جنگ کی ملاقات میں سی پیک کے تحت جوائنٹ وینچرزوپاکستانی برآمدات کو بڑھانے کیلئے اقدامات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کیلئے پاکستانی حکومت کی کوششیں قابل تحسین ہے، بڑی تعداد میں چینی سرمایہ کار جلد پاکستان کا دورہ کررہے ہیں جس سے دو طرفہ معاشی تعاون مزید مضبوط ہوگا جبکہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ 8ویں جے سی سی کے موقع پر دستخط ہونے والے مفاہمتی یاداشت سے سی پیک صنعتی تعاون کو فروغ ملے گا، زرعی تعاون جوائنٹ ورکنگ گروپ کا قیام سی پیک کو زرعی شعبے تک وسعت دے گا۔وزارت منصوبہ بندی چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔منگل کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار سے چینی سفیر یاؤ جنگ نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات و سی پیک کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔چینی سفیر نے 8 ویں سی پیک جے سی سی کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین کیا۔ چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ جے سی سی کے توسط سے اہداف کا حصول و سی پیک کو وسعت دینے کا عمل ممکن ہوا ہے۔چینی سفیر کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کیلئے پاکستانی حکومت کی کوششیں قابل تحسین ہے، بڑی تعداد میں چینی سرمایہ کار جلد پاکستان کا دورہ کررہے ہیں جس سے دو طرفہ معاشی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

مزید : صفحہ آخر