تمام سفارتخانوں میں اراضی ریکارڈ سنٹر کے کاؤنٹر قائم کرینگے،راؤ اسلم

تمام سفارتخانوں میں اراضی ریکارڈ سنٹر کے کاؤنٹر قائم کرینگے،راؤ اسلم

لاہور(عامر بٹ سے) صوبے بھر میں علاقائی سطح پر سمال اراضی ریکارڈ سنٹر کھولے جا رہے ہیں جہاں شہریوں کو بروقت اور گھر کے نزدیک ترین سہولیات میسر ہوں گی ، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایمبیسی سطح پر کاؤنٹر کھولے جا رہے ہیں اور تمام کمرشل بنکوں کو بھی جائیداد کی تصدیق، قرضہ فراہمی اور فرد برائے حصول قرضہ جاری کرنے کا اختیار منتقل کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی راؤ اسلم نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ صوبے بھر میں شہریوں کو جائیداد کی منتقلی اور فرد کے اجراء کیلئے بروقت سہولیات میسر کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی خصوصی دلچسپی کے باعث ہنگامی بنیادوں پر سمال اراضی ریکارڈ سنٹرز کا منصوبہ مکمل کر رہے ہیں اس کیلئے 2بلین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور ایک سال کے اندر اس منصوبے کو مکمل کر لیا جائے گا اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بھی اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کیلئے پاکستان کی تمام سفارتخانوں میں اراضی ریکارڈ سنٹر کے کاؤنٹر رکھے جائیں گے اور ان کو فرد، انتقال کی سہولت وہاں سے بھی میسر ہوں گی اور اوورسیز پاکستانیوں کو پاور آف اٹارنی دینے یاکچہریوں میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ بیرون ممالک میں ہی وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔اس کے علاوہ صوبے بھر کے تمام کمرشل بنکوں کو بھی جائیداد کے رہن رکھنے جائیداد کی تصدیق اور قرضہ جاری کرنے میںآسانی کیلئے اختیار منتقل کیا جا رہا ہے جس سے فرد برائے قرضہ و فرد برائے رہن کمرشل بنک کا سٹاف خود ہی جاری کرے گا جبکہ انتقالات کی آن لائن انٹری کرتے ہوئے اے ڈی ایل آر کے بکس میں بھیجے گا جو کہ انتقال کی تصدیق ہو کر آٹومیٹنگ طریقے سے واپس بنک انتظامیہ کو انتقال کی کاپی بھی موصول ہو جائے گی۔ مانیٹرنگ کا سسٹم بھی مزید فعال کیا جا رہا ہے اراضی ریکارڈ سنٹرزسٹاف کے کنٹریکٹ کی مدت تین سال کر دی ہے کام کر نے والے سٹاف کی ہر جگہ عزت اور حوصلہ افزائی کریں گے۔ شہریوں کی سہولیات کے لئے دن رات کی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔

راؤ اسلم

مزید : صفحہ آخر