علیمہ خان آلِ شریف، آلِ زرداری کیلئے مشعل راہ ہیں،چوہان
لاہور(نمائندہ خصوصی، فلم رپورٹر، آئی این پی ) وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کرپٹ سیاستدانوں کا احتساب قومی احتساب بیورو (نیب)کر رہا ہے،جن سیاستدانوں کو عدالتوں کا خوف ہے تو انہیں کرپشن بھی نہیں کرنی چاہیے تھی، وزیر اعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان آل شریف اور آل زرداری کے لیے مشعل راہ ہیں، انہوں نے اپنی جائیداد کی ساری تفصیلات اور ثبوت سپریم کورٹ میں پیش کیے، ایک چھوٹی سی غلطی پر ایف بی آر کو جرمانہ بھی ادا کر دیا،مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی جھوٹی خبریں پھیلانے اور پروپیگنڈے میں مصروف ہیں،وہ اپنے ارادوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ منگل کو فیاض الحسن چوہان نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ گزشتہ 40 سالوں سے کرپشن کر رہے ہیں ان کا احتساب تو ہو گا۔ ان کامزید کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار صاحب بہت تحمل اور نہایت ایمانداری سے عوام کی خدمت کررہے ہیں جبکہ مخالفین کی جانب سے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف من گھڑت خبریں چلائی جارہی ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے میڈیا دشمن رویے کے خلاف تمام صحافتی تنظیموں نے پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر ان کی ہر قسم کی کوریج کے مشترکہ بائیکاٹ کااعلان کیا ہے اور انتباہ کیا ہے کہ اگر مذکورہ وزیر سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس نہ لیا گیا تو حکومت کی مجموعی میڈیا کوریج کے بائیکاٹ پر بھی غور ہو سکتا ہے ۔اس امر کااعلان منگل کے روز پنجاب اسمبلی کے احاطے میں تمام صحافتی تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنونئیر اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کیا۔اس موقع پر پی یو جے کے صدر شہزاد حسین بٹ ‘ پریس گیلری کمیٹی کے صدر خواجہ نصیر سمیت دیگر صحافتی تنظیموں کے رہنما اور صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صحافی نمائندوں نے کہا کہ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی جانب سے ایوان کے باہر معذرت ایوان کے اندر اور نجی محفلوں میں صحافیوں کو گالیاں اور دھمکیاں دینے کے خلاف پریس گیلری کمیٹی کا شدید اظہار مذمت جوائنٹ ایکشن کمیٹی ، پریس گیلری کمیٹی ، پریس کلب شہر بھر میں فیاض الحسن چوہان کی ہر قسم کی کوریج کو مکمل بائیکاٹ کرنے کا اعلان کرتی ہے۔دریں اثناء فیاض الحسن چوہان نے سیٹلائٹ ٹاون، اے بلاک راولپنڈی میں شادی والے گھر میں آتشزدگی کے المناک سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے پر جس قدر بھی دکھ کا اظہار کیا جائے وہ کم ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہاکہ خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ بن جانے پر علاقے کی فضاء سوگوار ہے اور ہر فرد متاثرہ خاندان کو غم کو دل سے محسوس کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کے سانحے میں جھلس جانے والی خواتین کے بہترین علاج معالجے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اورانہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے زخمی خواتین کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالی جاں بحق ہونے والی خواتین کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور پس ماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے۔
فیاض چوہان