وزیراعظم اپوزیشن سے اپنی نااہلی کا این آر او چاہتے ہیں،مسلم لیگ (ن)

وزیراعظم اپوزیشن سے اپنی نااہلی کا این آر او چاہتے ہیں،مسلم لیگ (ن)

اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب جس پارلیمنٹ کی کاسٹ کا احساس کر رہے ہیں پانچ سال وہاں سے بھاگے رہے ہیں ، انکا ٹویٹ ظاہر کرتا ہے کہ وہ اپنی اور کابینہ کی نااہلی کی وجہ سے پریشان ہیں، خان صاحب ہمیشہ کی طرح الزامات لگا کر اپوزیشن سے اپنی نااہلی کا این آر او چاہتے ہیں، اپوزیشن آپ کو علیمہ باجی اور فارن فنڈنگ میں این آر او نہیں دے گی ۔ منگل کو ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹ پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب پارلیمنٹ اور حکومت ٹوئٹر پرنہیں چلتی ،پاکستان کی عوام اپنے وزیراعظم کا تلاشِ گمشدگی کا اشتہار دینے والے ہیں۔ انہوں نے کہا اپوزیشن پوچھتی رہی کہ جو بجلی اور گیس نوازشریف پاکستان کی عوام کیلئے بنا کے دے گئے تھے آپ سے اسکی ترسیل نہیں ہو رہی اپوزیشن آپ سے پوچھتی رہے گی کہ ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر کا ٹویٹ کب کریں گے۔سینیٹر آصف کرمانی نے پارلیمنٹ ہا ؤ س کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پاکستانی عوام پر اللہ کا عذاب ہے،عوام کو اس عذاب سے چھٹکارے کیلئے اجتماعی دعا کرنی ہوگی،تبدیلی والی حکومت نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے،عمران خان کو لانے والوں کو بھی سوچنا چاہیے کہ انہوں نے کس کو پاکستان کے اوپر مسلط کر دیا ہے، پارلیمنٹ چیئرمین نیب کو طلب کرتی ہے تو چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ میں آنا چاہیے اور ارکان پارلیمنٹ کے تحفظات کا جواب دینا چاہیے۔

مسلم لیگ (ن )

مزید : صفحہ آخر