پاک سعودیہ تعلقات ،اقتصادی تجارتی سطح پر معاونت کو وسعت دی جائے ،صادق سنجرانی

پاک سعودیہ تعلقات ،اقتصادی تجارتی سطح پر معاونت کو وسعت دی جائے ،صادق ...

اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات اور دو طرفہ تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ اقتصادی اور تجارتی سطح پر دو طرفہ معاونت کو مزید وسعت دی جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن اور دیرپا ترقی کے لئے ضروری ہے کہ مسائل کے حل کے لئے ڈائیلاگ کا راستہ اختیار کیا جائے اور مل جل کر مسائل کے حل کے لئے کوششیں کی جائیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر اپنے دورۂ سعودی عرب کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں میں وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ تعاون کے لئے نئی راہیں ہموار کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں سینیٹ کے وفد کو مثالی مہمان نوازی دی گئی جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ملک ایک دوسرے کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اقتصادی اور تجارتی سطح پر تعاون کے لئے نئی راہیں ہموار کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں ملک سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ سرمایہ کاروں کو قریب لایا جائے اور باہمی دلچسپی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے روابط کو نئی بلندیوں پر لے جایا جائے۔ تبوک کے گورنر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات کو سراہتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور معاشی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

مزید : صفحہ آخر