کھیلوں کے فروغ سے صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں آئے گا ، مشتاق احمد غنی
پشاور(سٹاف رپورٹر) سپیکر خیبر پختون خواہ اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں آئے گا اور نوجوان نسل منفی سرگرمیوں سے دور ہو گی،ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان دنیا میں ایک عظیم ریاست کے طور پر ابھرے جس کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کی بہترین تربیت و پرورش کریں تاکہ آنے والے وقتوں میں وہ ملک و قوم کے لیے کچھ کر پائیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوبائی اسمبلی سکریٹریٹ پشاور میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس سے دوران ملاقات کیا. اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل صلاحیتوں سے بھرپور ہے صرف ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں حکومتی سطح پر مکمل سہولیات میسر ہوں. انہوں نے ایبٹ آباد میں ہاکی سٹیڈیم،انڈور، جمنیزیم منصوبے اور دہمتوڑ گراؤنڈ کو درپیش مسائل کے حوالے سے ڈی جی سپورٹس سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا، ایبٹ آباد جمنیزیم کے لیے موزوں زمین کے حصول کے سلسلے میں آئندہ ہفتے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے متعلقہ افسران کی موجودگی میں اجلاس بھی متوقع ہے جس میں وزیراعلیٰ کی موجودگی میں ان مسائل کو حل کر کے بغیر کسی تاخیر کے منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا.