وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا ،جس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق،وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوگا،17 نکاتی ایجنڈے میں پاورڈویژن کوضمنی گرانٹ ،چیئرمین پی ٹی اے کی تعیناتی اوربرطانیہ میں مقدمات کیلئے وکیل کی خدمات کے اخراجات کی منظوری دی جائے گی۔
کابینہ اجلاس میں دوران ملازمت وفات پا جانے والے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کیلئے ضمنی گرانٹ اور صدرکی تنخواہ کی مد میں93لاکھ 83ہزارروپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک میں سیمنٹ کی دستیابی اورقیمت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں لوک ورثہ میوزیم اوربیلاروس کے نیچرل ہسٹری میوزیم کے درمیان تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت کی منظوری کے ساتھ ساتھ ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔