” امریکی صدر نے یونیورسٹی کی فٹبال ٹیم کیلئے دعوت کا اہتمام اپنی جیب سے کیا اور اس کا احوال ٹویٹر پر لکھا تو اس میں ایک لفظ ایسا لکھ دیا کہ ہنسی کا طوفان برپا ہو گیا ، برگر کنگ بھی میدان میں آ گیا
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عجیب و غریب بیانات کے باعث تنازعات کا شکار رہتے ہیں تاہم انہوں نے یونیورسٹی کی فٹبال ٹیم کیلئے اپنی جیب سے دعوت کا اہتمام کیا اور بڑی تعداد میں برگر منگوائے لیکن اس کا احوال بیان کرتے ہوئے ٹویٹرپر ایک لفظ ایسا لکھ دیا کہ ہر طرف ہنسی کا طوفان آ گیا تاہم آگے سے برگر کنگ نے بھی انتہائی مضحکہ خیز جواب دیدیا ۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ میں اس وقت حکومتی شٹ ڈاﺅن چل رہاہے جس کے باعث کئی مشکلات کا سامنا ہے تاہم امریکی صدرنے اسے بھی کیش کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام ہو گئے اور الٹا مذاق بن گئے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں امریکی صدر نے وائٹ ہاوس میں اپنی جیب سے ایک یونیورسٹی فٹ بال ٹیم کے لیے دعوت کے اہتمام کا احوال بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ’حکومتی شٹ ڈاون کی وجہ سے کھلاڑیوں کے طعام کے اخراجات میں نے خود برداشت کیے اور ایک ہزار برگر منگوائے۔
تاہم اپنی ٹویٹ میں امریکی صدر نے برگر کنگ کی ایک پروڈکٹ ’ہیم برگر‘ کو Hamberder لکھ دیا جس پر صارفین نے امریکی صدر کا خوب مذاق اڑایا اور برگر کنگ کی جانب سے بھی جوابی مزاحیہ ٹویٹ کی گئی۔
برگر کنگ نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ” چونکہ گزشتہ روز ایک بڑا آرڈر آیا تھا جس کے باعث ہمارے پاس مکمل طور پر Hamberder ختم ہو گئے ہیں لیکن ہم hamburgers بیچ رہے ہیں ۔ بعد ازاں امریکی صدر نے اپنی ٹویٹ میں ہجے کی غلطی کو درست کردیا۔