سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاونٹس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ،مراد علی شاہ اور بلاول بھٹو کا نام عبوری طور پر ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاونٹس کیس میں تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
25 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس اعجازالاحسن نے تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کی ٹیم تحقیقات میں نیب کی معاونت کرے گی۔فیصلے میں جے آئی ٹی کی رپورٹ اور شواہد نیب کو فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ کا نام عبوری طور پر ای سی ایل سے نکالنے کا حکم بھی دیا گیا ہے،نیب مراد علی شاہ ،بلاول اور دیگر کے خلاف تحقیقات جاری رکھے گا جس میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی فریق کی درخواست پر معاملہ دوبارہ سنا جا سکتا ہے، تحقیقات میں جرم بنتا ہوا تو احتساب عدالت میں ریفرنس فائل کئے جائیں۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نیب جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں اپنی تحقیقات مکمل کرے، ای سی ایل سے نام نکالنے سے نیب تحقیقات متاثر نہیں ہوگی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ چیئرمین نیب مستند ڈی جی کو ریفرنس تیاری اور دائر کرنے کی ذمہ داری دیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ مستند اور تجربہ کار افسران پر مشتمل ٹیم ریفرنسز کی پروسکیوشن کے لیے تشکیل دی جائے۔