ملک و قوم کی ترقی کیلئے سودی نظام ختم کرنا ہو گا،ذکر اللہ مجاہد

ملک و قوم کی ترقی کیلئے سودی نظام ختم کرنا ہو گا،ذکر اللہ مجاہد

  



لاہور (سٹی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سودی نظام کے خاتمے تک ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ اسلامی فلاحی ریاست میں 78 سالوں سے اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام رائج نہیں کیا گیا۔الخدمت فاونڈیشن لاہور کی بیوہ خواتین میں بلا سود قرضوں کی فراہمی معاشرے کی محرومیوں کو کم کرنے کی کاوش ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ میں الخدمت فاونڈیشن لاہور کے دفتر میں بیوہ خواتین میں بلا سود قرض فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرتقریب میں نیشنل ڈائریکٹر مواخات پروگرام الخدمت فاونڈیشن میاں بابر حمید، چوہدری محمد سلیم نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور، سیکرٹری جنرل الخدمت فاونڈیشن لاہور مغیث شاہدقریشی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور بیوہ خواتین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ اسلام سے متصادم نظام اپنا کر مسلمان کبھی ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے ان کی ترقی و خوشحالی کا راز اسلامی نظام حیات میں پوشیدہ ہے۔

ملک میں حقیقی تبدیلی اور معاشی استحکام صرف اسلامی نظام کے نفاذ اور سودی نظام کے خاتمے سے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سے مفاد پرست اور کرپٹ سیاستدانوں اور حکمرانوں نے ملک و قوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...