ڈیرہ،پارکنگ نہ ہونے پر کارروائی،2پلازے سیل

  ڈیرہ،پارکنگ نہ ہونے پر کارروائی،2پلازے سیل

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) عوامی شکایات اور بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین نے ریجنل میونسپل آفیسر عمر خان کنڈی کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے سرکلر روڈ پر کارپارکنگ نہ ہونے پر ایکشن لیتے ہوئے 5پلازوں کو سیل کردیا۔ مذکورہ پلازوں کی تعمیر کیلئے ٹی ایم اے سے نقشہ کی منظوری نہیں لی گئی تھی، اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے سرکلر روڈ اور قریبی علاقوں میں کارپارکنگ کی غیر موجودگی اور ٹی ایم اے سے بغیر نقشہ منظوری کے تعمیر ہونے والے پلازہ جات کی تعمیر روکنے کیلئے دفعہ 144کا نفاذ بھی کردیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود نے سرکلر روڈز اور چاروں بازاروں میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے تجویز دی ہے جس پر جلد ہی عمل درآمد شروع کیا جارہا ہے، اس طرح ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ دیگر اضلاع کے چنگ چی رکشاؤں کیخلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی تفریح کیلئے ضم شدہ قبائلی سب ڈویژن درازندہ کے خوبصورت تفریحی مقام ”المر کلاں“ کو سیاحت کے فروغ کیلئے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ سے بات چیت جاری ہے جہاں بہترین تفریحی سہولیات فراہم کرکے عوام کو سستی اور معیاری تفریحی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ خیبر پختونخواہ حکومت نے ضم شدہ قبائلی سب ڈویژن درازندہ کے خوبصورت تفریحی مقام ”المر کلاں“ کو جانے والے 6کلومیٹر روڈ کی تعمیر کی منظوری بھی دے دی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر