والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں، شکیل احمد

  والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں، شکیل احمد

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر مال شکیل احمد ایڈوکیٹ نے پاکستان اور خاص طور پر خیبرپختونخوا کے عوام سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہر طبقہ فکر کے لوگ اجتماعی اور انفرادی کاوشوں کے ذریعے پولیو کے خلاف مہم کو کامیاب بنائیں اور اس موذی بیماری سے چھٹکارا حاصل کرتے ہوئے معاشرے کو پاک کریں تاکہ آئندہ نسلیں اس بیماری کے باعث معذوری سے بچ سکیں،اپنے پیغام میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بعض عناصر پولیو کے خلاف شروع کردہ مہم کو ناکام بنانے کے لیے بے بنیاد پروپیگنڈے کر رہے ہیں والدین کو چاہیے کہ ایسے عناصر کی باتوں میں نہ آئیں اور اپنے بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے پولیو قطرے ضرور پلائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پولیو کے قطرے نہ پلانا اس بیماری کو فروغ دینے کے مترادف ہے جس کے باعث بچے معذوری کا شکار ہوکر پورے معاشرے اور ملک و قوم کے لئے بوجھ بن سکتے ہیں اس لیے یہ کسی ایک فرد یا طبقے کا مسئلہ نہیں بلکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس موذی بیماری کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور خاص کر محکمہ صحت پولیو کے تدارک کے لئے تمام تر اقدامات کر رہے ہیں تاہم والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں بھرپور تعاون کریں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر