حکومت نے سکندر سلطان راجہ،پی پی نے عرفان قادر کا نام تجویز کردیا

  حکومت نے سکندر سلطان راجہ،پی پی نے عرفان قادر کا نام تجویز کردیا

  



اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر حکومت نے سکندر سلطان راجا کا نام بطور چیف الیکشن کمشنر تجویز کردیا۔چیف الیکشن کمیشن کی تعیناتی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کا 10 واں اجلاس ہوا جس میں اِس معاملے پر پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پرویز خٹک نے سکندر سلطان راجہ کا نام بطور چیف الیکشن کمشنر تجویز کیا تاہم اپوزیشن نے ان کے حوالے سے چھان بین کے لیے مزید وقت مانگ لیا۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے عرفان قادر کا نام تجویز کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے بھی عرفان قادر کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں پیشرفت، سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر بھی چیف الیکشن کمشنر کی دوڑ میں شامل ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ارکان کے ناموں پر فریقین میں اتفاق ہو گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے راجا پرویز اشرف نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر کا نام تجویز کیا تاہم پارلیمانی کمیٹی کے ارکان نے کثرت رائے سے عرفان قادر کا نام مسترد کر دیا۔جمیعت علمائے اسلام (ف) نے سابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس ذوالفقار چیمہ کا نام بطور چیف الیکشن کمشنر تجویز کیا۔ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کے خالی عہدوں کے لیے اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں پر تقریباً اتفاق کر چکی ہے، ان میں جے یو آئی (ف) کی جانب سے بلوچستان سے نامزد شاہ محمود جتوئی اور سندھ سے پیپلز پارٹی کے تجویز کردہ نثار درانی شامل ہیں۔چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے نئے ناموں کا باقاعدہ تبادلہ جمعہ کو پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ہونے کا امکان ہے۔

چیف الیکشن کمشنر

مزید : صفحہ اول


loading...