نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹس لاہور ہائیکورٹ میں جمع،ڈاکٹر کی صحتمند ہونے تک برطایہ میں ہی رہنے کی سفارش

نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹس لاہور ہائیکورٹ میں جمع،ڈاکٹر کی صحتمند ہونے ...

  



لاہور،ملتان،اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹس جمع کرادی گئیں،جس میں میاں نواز شریف کے صحت مند ہونے تک برطانیہ رہنے کی سفارش کی گئی ہے،یہ رپورٹس کارڈک کنسلٹنٹ سرجن ڈیوڈ لارنس نے تیار کی ہیں،میاں نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے میڈیکل رپورٹس ہائیکورٹ میں جمع کروائیں،رپورٹ کے مطابق میاں نواز شریف کے امراض قلب کی ادویات بوقت ضرورت جاری رہیں گی، سرجن ڈیوڈ لارنس کے مطابق نواز شریف کی فوری انجیو گرافی کی ضرورت ہے، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کو برقرار رکھنے کے لئے ماہرین اقدامات کررہے ہیں، رپورٹ کے مطابق نواز شریف ہائپر ٹینشن، شوگر اور گردوں کے عوارض میں بھی مبتلا ہیں۔دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کو علاج کیلئے انسانی ہمدردی پر ریلیف دیا، ان کی میڈیکل رپورٹس میں اگر کچھ ثابت ہوا تو مزید ریلیف دیں گے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف جب پاکستان سے باہرگئے توانہیں علاج کیلئے مخصوص وقت دیا گیا تھا، 25 دسمبرکو نواز شریف کے وکیل نے علاج کی مدت میں توسیع کی درخواست دی۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی جو رپورٹس پیش کی گئیں ان میں کچھ بھی واضح نہیں تھا، 13 جنوری کو ہم نے ناکافی شواہد پر ہوم ڈیپارٹمنٹ کو درخواست بھجوائی، ڈاکٹرعدنان سے مدت کی توسیع پررپورٹس منگوائیں، 13 جنوری کوڈاکٹرعدنان کے ساتھ آخری ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔وزیر صحت کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو علاج کے لیے انسانی ہمدردی پر ریلیف دیا،نئی میڈیکل رپورٹس میں اگر کچھ ثابت ہوا تو مزید ریلیف دیں گے۔ترجمان پاکستان مسلم لیگ مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت پر ڈرامہ رچانے سے کیا مہنگائی کم ہو گئی، جن میڈیکل رپورٹس پر تماشہ ہوا وہ حکومت پنجاب کو جمع کرا دی گئیں تھیں۔ ترجمان نے کہا کہ نواز شریف کی صحت پر سیاسی تماشہ کرنے سے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کیا پھر سے مفت شروع ہو گیا ہے؟ عمران صاحب جن رپورٹس پر سیاسی تماشہ کیا گیا، وہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن اور نوٹری پبلک، فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس یو کے سے تصدیق شدہ ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا عمران صاحب آپ نے نواز شریف کی صحت کا نوٹس لیا، کبھی 14 فیصد کی تاریخی مہنگائی اور 2.5 فیصد شرح ترقی کا نوٹس بھی لیں؟ کبھی گیس میں 250 فیصد اور بجلی میں 150 فیصد اضافہ کا بھی نوٹس لیں۔

نوازشریف/میڈیکل رپورٹ

مزید : صفحہ اول