سپریم کورٹ،اے این ایف نے رانا ثناء اللہ کی ضمانت چیلنج کر دی،نام ای سی ایل میں شامل

  سپریم کورٹ،اے این ایف نے رانا ثناء اللہ کی ضمانت چیلنج کر دی،نام ای سی ایل ...

  



اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) اے این ایف نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ انسداد منشیات فورس نے رانا ثناء اللہ کی ضمانت سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی۔رانا ثنا اللہ کی ضمانت کیخلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی جس میں موقف اپنایا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ کا ضمانت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، لاہور ہائی کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، رانا ثنا اللہ کی ضمانت منسوخ کی جائے۔مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثنا اللہ کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، وفاقی کابینہ نے سرکلیشن سمری کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی سفارش پر لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔ رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات سے متعلق مقدمہ زیر سماعت ہے جس پر ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی، جس کی سرکلیشن سمری کے ذریعے وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔اس کے علاوہ سابق سینیٹر وقار احمد کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری کابینہ نے دے دی ہے۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، حکومتیں ایسے نہیں چلتیں، ای سی ایل میں نام ڈالنا پریشر ٹیکٹس ہیں ،ایسے ہتھکنڈے گھٹیا پن کے سوا کچھ نہیں،جو نواز شریف کو بیمار نہیں سمجھتے وہ گھٹیا سوچ رکھتے ہیں، میاں صاحب بیمار ہیں، خدانخواستہ معذور تو نہیں جو ریسٹورنٹ نہیں جاسکتے،مسلم لیگ(ن) کے خلاف انتقامی کارروائیاں کافی عرصے سے جاری ہیں،ن لیگ پہلی بار مکمل طور پر متحد ہے اور کارکنان ساتھ کھڑے ہیں۔بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ای سی ایل میں نام شامل ہونے سے کوئی پر نہیں کٹے، ایسا کرنے کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی، ملک میں ہی ہوں، باہر جانے کا پروگرام نہیں،یہ سب حکومتی پریشر ٹیکٹس ہیں، میں پیچھے ہٹنے والا نہیں، اپنے موقف پر قائم ہوں،ایسے ہتھکنڈے گھٹیا پن کے سوا کچھ نہیں ہیں۔ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عارف ملک نے کہا ہے کہ کیا کوئی گرفتار ہونے والا شخص کہتا ہے کہ میں گناہ گار ہوں، سرعام قتل کرنے والے نے کبھی کہا میں مجرم ہوں، معاملہ عدالت میں ہے رانا ثنااللہ وہاں ثبوت دیں۔ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عارف ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللہ اور شہر یار آفریدی دونوں نے حلف لے رکھا ہے، دونوں لاٹری نکال لیں، اس میں سے نکل آئے گا کون گناہ گار ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی گرفتار ہونے والا شخص کہتا ہے کہ میں گناہ گار ہوں۔ صحافی کے سوال پر کہ کیا آپ حلف دینے کیلئے تیار ہیں، رانا ثنائاللہ کیخلاف کیس درست بنا، ڈی جی میجر جنرل عارف ملک نے کہا کہ اگر معاملات حلف سے چلنے ہیں تو عدالتوں کو تالا لگا دیں۔

رانا ثناء اللہ ضمانت

مزید : صفحہ اول


loading...