مسئلہ کشمیر،6ماہ میں دوسری بار سلامتی کونسل کا اجلاس

مسئلہ کشمیر،6ماہ میں دوسری بار سلامتی کونسل کا اجلاس

  



نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کو نسل کا اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے میں چین نے کلیدی کردار ادا کیا۔ذرائع کا کہنا ہے ا جلا س میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ایک بار پھر غور کیا، اس دوران امن آپریشنز اور سیاسی امور کے محکموں نے سلامتی کونسل کو بریفنگ دی۔بریفنگ کے بعد کونسل کے ممبران کے درمیان صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا جس میں کونسل کے تمام 15 ممبر ا ن نے اس مباحثے میں حصہ لیا۔سلامتی کونسل کے کشمیر سے متعلق اجلاس کے بعد اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب زینگ جن نے میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کشمیرکی صورتحال پر سلامتی کونسل کی میٹنگ ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کشمیر ہمیشہ سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے،چین کا کشمیر کے معاملے پر موقف بالکل واضح ہے۔اقوام متحدہ میں روس کے مستقبل مندوب دمتری پولیانسکی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان کہا سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں کشمیر کا معاملہ زیر بحث آیا۔   ر وس پاکستان اور بھارت کے تعلقات معمول پر لانے کا خواہاں ہے۔دمتری پولیانسکی کا کہنا تھا ہم امید کرتے ہیں شملہ معاہدے اور لاہور اعلامیہ کی بنیاد پر دو طرفہ کوششوں کے ذریعے دونوں ملکوں کے اختلافات دور ہوجائیں گے۔یاد رہے کہ یہ اجلاس پاکستان کی درخواست پربلایا گیا تھا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گذشتہ برس دسمبر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھ کرکشمیر کی صورتحال پر توجہ دلائی تھی۔خیال رہے یہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران دوسری مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس تھا۔ اس سے قبل گزشتہ سال ماہ اگست میں تقریباً 50 برس بعد مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار نے اگست 2019 میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے سابق وزرائے اعلیٰ اور سری نگر کے میئر سمیت مقامی سیاسی قیادت کو گرفتار کر لیا تھا اور بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے گرفتار افراد کو تشد د کا نشانہ بھی بنایا گیا۔پاکستان کی جانب سے بھی بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مودی سرکار سے کشمیریوں کو حق خوداراد یت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

سلامتی کونسل اجلاس

مزید : صفحہ اول