ایم ایل ون پراجیکٹ کی تکمیل سے ریلوے میں مثالی انقلاب آئیگا، شیخ رشید

  ایم ایل ون پراجیکٹ کی تکمیل سے ریلوے میں مثالی انقلاب آئیگا، شیخ رشید

  



رسالپور(آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل سے ریلوے کے شعبے میں مثالی انقلاب آئے گا، مشکل صورتحال کے باوجود ریلوے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ایک سال میں ایک کروڑ سے زائد مسافروں کو ٹرین پر لا کر 8ارب روپے اضافی آمدن حاصل کی ہے، وزیراعظم نے ریلوے کے تمام ملازمین کے بنیادی پے سکیل کی اپ گریڈیشن کی منظوری دیدی ہے، جون 2020سے ریلوے ملازمین کے سکیل بڑھ جائیں گے، عدالت عالیہ سے حکم امتناہی ختم ہوتے ہی تمام عارضی ملازمین کو مستقل اور رکا ہوا بھرتی کا عمل مکمل کیا جائے گا، 69 انجن 20 سالوں سے مرمت کے منتظر ہیں، پہلی مرتبہ مقامی طور پر ٹرین کے انجنوں کی مرمت کا آغاز ہوا ہے، ابتدا میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ صرف ریلوے کیلئے تھا لیکن اس سے استفادہ میں ریلوے بد قسمتی سے باقی تمام شعبوں سے پیچھے رہ گیا۔ بدھ کو پاکستان لوکوموٹیوفیکٹری رسالپور میں 5 انجن مرمت کے بعد ریلوے کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ایم ایل ون کے پہلے مرحلے میں پشاور سے نوشہرہ ترجیحی بنیادوں پر 180کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کا ٹریک بچھے گا،180کوچز بنانی ہے، ریلوے اس ملک کو آگے لے جاسکتا ہے۔ گذشتہ 70سال کے دوران ہر حکومت نے سڑکوں اور پلوں کی تعمیر پر توجہ دی اور اربوں روپے کے فنڈز استعمال کیے لیکن کسی حکومت نے ریلوے کی ترقی کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا اسی وجہ سے آج ریلوے کی یہ صورتحال ہے۔ 14سال پہلے چین کیساتھ ریلوے کی ترقی کیلئے ایم ایل ون منصوبے پر دستخط کیے گئے اور آج یہ منصوبہ وہیں پر تھا جہاں چھوڑ کر گئے تھے لیکن وزیراعظم عمران خان کی دلچسپی سے چین کے تعاون سے ایم ایل ون منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔کام نیک نیتی سے کریں تو اللہ تعالی بھی آسانیاں پیدا کردیتا ہے۔حضور پاک نے کسی مسافر کی راہ سے کانٹا اٹھانے پر جنت کی نوید سنائی ہے۔ دنیا بھر میں ریلوے کے شعبے میں صرف مال گاڑیوں سے منافع حاصل کیا جاتا ہے لیکن پاکستان واحد ملک ہے جو مسافر ٹرینوں سے آمدن حاصل کر رہا ہے۔ مہنگائی، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے مزدور طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ تحریک انصاف نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کا اقتدار سنبھالا تو ملکی کی معاشی صورتحال،اداروں کی پوزیشن، ڈالر کی قیمت اور روپے کی قدر سا ر ی دنیا کے سامنے تھی،15ماہ میں دن رات محنت کرنے کے بعد آج پاکستان معاشی طور پر مستحکم اور روپے کی قدر بتدریج بہتر ہورہی ہے۔

شیخ رشید

مزید : صفحہ آخر


loading...