سانحہ پی آئی سی کیس،حسان نیازی سمیت 10 وکلا کی عبوری ضمانت میں توسیع

  سانحہ پی آئی سی کیس،حسان نیازی سمیت 10 وکلا کی عبوری ضمانت میں توسیع

  



لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ پی آئی سی حملہ کیس میں ملوث وزیراعظم پاکستان کے بھانجے حسان نیازی سمیت 10 وکلا کی عبوری ضمانت میں 22جنوری تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرمقدمہ کا مکمل ریکارڈ اور رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد بھٹہ نے سماعت کی، گزشتہ روز حسان نیازی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے پوچھا کہ فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کے لیے وکلا پولیس کے پاس کیوں نہیں جا رہے، جس پر ملزموں کے وکلاء نے کہا کہ ہم شامل تفتیش ہو رہے ہیں ہماری طرف سے کوئی اعتراض نہیں،عدالت میں حسان نیازی کی فوٹو گرا میڑک ٹیسٹ کی رپورٹ بھی جمع کروا دی گئی جس کے بعد عدالت نے کیس کے دیگر ملزمان وکلا ء کو شامل تفتیش ہونے اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانے کا حکم یتے ہوئے سماعت 22جنوری تک ملتوی کردی،جن وکلاء کی عبوری ضمانت میں عدالت نے توسیع کی ہے ان میں حسان نیازی، عبدالماجد،سید زین عباس،سکندر صدیق،علی جاوید ملک،اسامہ معاذ،عبدالرحمن بٹ،رانا عدیل،عمر غوری اور چودھری مزمل سمیت 10 وکلا ء شامل ہیں۔

سانحہ پی آئی سی کیس

مزید : صفحہ آخر