ہر 6ماہ بعد سیکرٹری تبدیل کر دیتے ہیں تو محکمے کام کس طرح کرینگے؟لاہور ہائیکورٹ
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے قراردیاہے کہ ہر6ماہ بعد سیکرٹری تبدیل کردیتے ہیں،محکمے کس طرح کام کریں گے،مسٹر جسٹس شاہد کریم نے یہ ریمارکس وزیر ماحولیا ت پنجاب محمد رضوان کو مخاطب کرتے ہوئے دیئے،ماحولیاتی آلودگی اور زیرزمین پانی کومحفوظ کرنے سے متعلق کیس میں وزیرماحولیات نے پیش ہوکر عدالت کو بتایا آلودگی پر قابو پا نے کیلئے موثرپالیسی بنا رہے ہیں،جس پر فاضل جج نے کہا ہمارے محکمے بھی آلودگی کے معاملے پر ٹھیک کام نہیں کر رہے، آپ کے محکمے کس طرح کام کریں گے کہ ہر چھ ماہ بعد سیکرٹر ی تبدیل کر دیتے ہیں، جو ٹھیک کام نہ کرے آپ عدالت کو بتائیں، یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا معاملہ ہے جس کیلئے کام کرنا ہو گا،ہمیں عوام میں پانی کی بچت اورماحولیاتی آلود گی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنی ہے،لوگوں کو بتائیں اس وقت ایمرجنسی کی صورتحال ہے،سکولوں میں بچوں کو آلودگی کے حوالے سے مضمون پڑھایا جائے،گھروں میں پانی ضا ئع ہوتا ہے اور کسی کو پرواہ نہیں،کروڑوں کے پلازے اور گھر بنتے ہیں ان میں سولر پلانٹ کیوں نہیں لگائے جا سکتے، پاکستان اور بھارت میں فصلیں جلائی جاتی ہیں جس کی وجہ سے سموگ پھیلتی ہے،ہمیں اس پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے، وزیرماحولیات نے کہا حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اب ملک میں یورو فور پر گاڑیاں چلائی جائیں گی،ملک میں الیکٹرک انجن کی گاڑیاں متعارف کروا ئی جارہی ہیں،فاضل جج نے کہا عدالت آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے حکومت کو ہدایات جاری کرے گی،فاضل جج نے مذکورہ آبزر ویشنز کی روشنی میں حکومت کو اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ