امریکہ اور چین میں جاری تجارتی جنگ ختم،بیجنگ،واشنگٹن میں تاریخی معاہدہ طے

امریکہ اور چین میں جاری تجارتی جنگ ختم،بیجنگ،واشنگٹن میں تاریخی معاہدہ طے

  



واشنگٹن(اظہر زمان،بیورو چیف)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی نمائندے کے ہمراہ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے پر دستخط کردئیے۔ دونوں ممالک قبل ازیں اتفاق رائے کا زبانی اظہار کر چکے ہیں لیکن اب اس معاہدے پر باقاعدہ دستخط کرنے کے بعد امریکہ اور چین کے درمیان طویل عرصے سے جاری تجارتی جنگ کا رسمی خاتمہ ہو گیا ہے۔بدھ کے روز وائٹ ہاؤس میں اس سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام ہوا جس سے خطاب کرئے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ سمجھوتہ ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کا اظہارہے۔ ٹرمپ انتظامیہ توقع کررہی ہے کہ اس سمجھوتے کے نتیجے میں امر یکی کاشتکاروں اور صنعت کاروں کی برآمدات میں گرانقدر اضافہ ہوگا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا اب امریکی محنت کشوں کو اقتصادی انصاف مل سکے گا اور معاہدہ طے ہونے سے عالمی تجارت میں نئی تبدیلی آئے گی۔ چین کے اعلیٰ مذاکرات کا رلیو ہی نے تقریب میں اپنے ملک کی نمائندگی کی اور چینی صدر ژی جن پنگ کا صدرٹرمپ کے نام خط پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے کہاتجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے پر دستخط کرنا امریکہ چین اور پوری دنیا کیلئے اچھا ثابت ہو گا۔ چین کیساتھ یہ معاہدہ وائٹ ہاؤس کو ایک ایسے موقع پر اپنی اقتصادی ترجیح کے عملی ثبوت کا موقع فراہم کر رہاہے جب ایوان نمائندگان صدر ٹرمپ کے مواخذ ے کا بل سینیٹ میں مقدمے کیلئے بھیج رہاہے۔

امریکہ چین معاہدہ

مزید : علاقائی