سابقہ بیوی کو بیدردی سے قتل کرنیوالا سفاک ملزم عابد گرفتار

سابقہ بیوی کو بیدردی سے قتل کرنیوالا سفاک ملزم عابد گرفتار

  



لاہور(کر ائم رپورٹر) انویسٹی گیشن پولیس نے سابقہ بیوی کو بیدردی سے قتل کرنیوالے سفاک ملزم عابد کو گرفتار کر لیا۔تقریباً3ماہ قبل 29سالہ بلقیس بی بی کے اغواء کا مقدمہ اس کے دوسرے شوہر محمد ریاض کی مدعیت میں تھانہ راوی روڈ میں درج ہو ا۔ انچارج انویسٹی گیشن راوی روڈ مجاہد حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں، دستیاب وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے تفتیش کا آغاز کیا اور تین ماہ کی انتھک محنت، حالات و واقعات اور موبائل فون ریکارڈ کی روشنی میں مغویہ بلقیس کے پہلے شوہر محمد عابد کو شامل تفتیش کیا جو زیادہ دیر حقائق نہ چھپا سکا اور اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا مقتولہ بلقیس اس کے 2 بچوں کی ماں تھی جسے وہ طلاق دے چکا ہے۔ مقتولہ بلقیس اپنے بچوں سے ملنے کا تقاضا کرتی تھی جس سے تنگ آکر اس نے اپنی پہلی طلاق یافتہ بیوی سے چھٹکارا پانے کیلئے اس کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور مقتولہ کو بچوں کو ملوانے کے بہانے داتا دربار بلایا جہاں اس نے بچوں کے پاکپتن میں ہونے کا کہہ کر اپنے بھائی اسلم کے ہمراہ ٹیکسی لی اور مقتولہ بلقیس کو لے کر گاؤں ڈوگراں ضلع پاکپتن اپنے دوست اختر ڈوگر کے ڈیرے پر پہنچ گیا۔ ملزمان نے مقتولہ بلقیس کی چائے میں نشہ آور گولیاں ڈال کر اسے بیہوش کر دیا اور اپنے ہمراہی ملزم محمد اختر کی مدد سے موٹر سائیکل پر بیٹھا کر قریبی نہر پر لے گیا،بعد ازاں اپنے بھائی محمد اسلم کو بھی نہر پر ہی بلا لیا۔ جہاں اس نے اپنے بھائی اور دوست کی مدد سے مقتولہ کے دوپٹے سے گلے میں پھندا لگا کر قتل کیا اور چھری سے اس کا گلہ کاٹ دیا۔

اپنا جرم چھپانے کیلئے ملزمان نے تھیلے میں اینٹیں ڈال کر مقتولہ کی لاش کو اس کیساتھ باندھ دیا اور نہر میں پھینک دیا اور مو قع سے فرار ہو گئے۔ گرفتار ملزم عابد کے بھائی اسلم اور دوست اختر کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر نے سابقہ بیوی کو قتل کرنے والے ملزم کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید : علاقائی