ڈاکٹرز مریضوں کے مسائل کو ہر صورت مقدم اور ان کا خیال رکھیں:شہرام خان ترکئی

ڈاکٹرز مریضوں کے مسائل کو ہر صورت مقدم اور ان کا خیال رکھیں:شہرام خان ترکئی

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)ڈاکٹرز تنظیموں کے مسائل کو ترجیحاً حل کریں گے تاہم ڈاکٹر برادری مریضوں کے مسائل کو ہر طرح کے مفادات سے مقدم رکھتے ہوئے ان کا خاص خیال رکھیں۔ ڈاکٹرز کی بھرتیوں، ٹریننگ اور ٹرانسفر کی جامع پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارخیبر پختونخوا کے وزیر صحت شہرام خان ترکئی نے انصاف ڈاکٹرز فورم خیبرپختونخوا اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے ساتھ الگ الگ ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت یحیٰی اخوانزادہ بھی موجود تھے۔ آئی ڈی ایف کے عہدیداران نے اپنے علاقے کے ہسپتالوں کے مسائل سے وزیر صحت کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ چھوٹے ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کے مسائل کو حل کرنا انکی ترجیحات میں شامل ہے جس سے صوبے کے بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوگا۔ ڈاکٹرز کی انڈکشن کے حوالے سے وزیر صحت نے کہا کہ یہ معاملہ اس وقت عدالت میں ہے لہذا اس پر کوئی بات نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے گزشتہ دور حکومت میں سب سے زیادہ ڈاکٹرز بھرتی کیے گئے تھے جس کے ثمرات مختلف ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی صورت میں سامنے آرہا ہے۔ شہرام خان ترکئی نے آئی ڈی ایف وفد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان سب کی پہلی ترجیح مریضوں کو سہولت فراہم کرنا اور ان کے ہر صورت خیال رکھنا ہونی چاہیے۔ وزیر صحت نے وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثناء ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی شہرام خان سے ملاقات کی اور ہسپتالوں اور محکمانہ مسائل سے وزیر صحت کو آگاہ کیا۔ وزیرِ صحت نے وفد کو باور کرایا کہ ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کے لیے ڈاکٹرز کی ٹرانسفر پوسٹنگ سال میں صرف ایک دفعہ کی جائے گی۔ اسی طرح پی جی ایم آئیز کے حوالے سے بھی واضع پالیسی مرتب کر رہے ہیں۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ حکومت ڈاکٹرز تنظیموں سے قریبی رابطے میں رہے گی اور محکمہ کی بہتری کے لیے ان کی تجاویز کو زیر غور لائے گی۔

مزید : صفحہ اول


loading...