ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی وجہ سے بیسیوں لوگ لقمہ اجل بن جاتے ہیں،سراج الحق

  ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی وجہ سے بیسیوں لوگ لقمہ اجل بن جاتے ہیں،سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سندھ اور بلوچستان میں شاہراہیں انتہائی خراب اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں پر ہزاروں گاڑیاں پھنس جاتی ہیں۔ ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی وجہ سے روزانہ ہونے والے حادثات میں بیسیوں لوگ لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ گزشتہ روز جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر عظیم بلوچ اپنے دو ساتھیوں سمیت حادثے میں جاں بحق ہو گئے مگر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مجرمانہ غفلت اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ان خستہ حال سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی طرف توجہ نہ دی تو لوگ احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔۔ انہوں نے کہاکہ خود کو سیاہ و سفید کا مالک سمجھنے والی اشرافیہ عوام کے لیے مسائل پیدا کر رہی ہے۔ لاہور سے اسلام آباد تک موٹر وے اعلیٰ معیار کی اور اسلام آباد سے پشاور، کراچی سے حیدرآباد تک غیر معیاری ہے۔ اسی طرح اسلام آباد سے پشاور تک موٹر وے پر انٹر چینج، آرام گاہیں اور قیام و طعام کے سروس ایریاز کے معیار میں واضح فرق محسوس ہوتاہے جس سے کے پی کے اور سندھ کے عوام میں احساس محرومی پایا جاتاہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ظلم یہ ہے کہ آئے روز سڑکوں پر حادثات میں بڑی تعداد میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے،قومی شاہراہوں،کراچی تا حیدرآباد نام نہاد موٹروے پر نا تو کوئی ایمبولینس مرکز نا ابتدائی بنیادی طبی امداد کی کوئی سہولیات موجود ہیں، حکومت کا مقصد صرف بھاری ٹیکسز عائد کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ زنی کرنا نہیں بلکہ انہیں بنیادی انسانی سہولیات فراہم کرنا بھی ہے،سینیٹر سراج الحق نے صوبائی جنرل سیکریٹری سے جماعت اسلامی سندھ کے سابق نائب امیر محمد عظیم بلوچ اور دیگر ساتھیوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسطرح کے المناک واقعات کے باوجود وفاقی اور سندھ حکومت کی مجرمانہ روش جاری رکھے ہوئے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔

مزید :

صفحہ اول -