وفاقی حکومت کی وجہ سے بیروزگاری میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے،مرتضی بلوچ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر برائے انسانی بستیوں اور خصوصی ترقی غلام مرتضی بلوچ نے کہا ہے کہ غلط پالیسیوں اور وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے، ملک میں غربت اور بیروزگاری میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور انتہائی غربت کی وجہ سے غریب افراد خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قلت اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ناقابل برداشت ہونے کی وجہ سے انڈسٹریز دم توڑ رہی ہیں اور سرمایہ کار نئی انڈسٹریز کے قیام سے گریزاں ہیں۔ غلام مرتضی بلوچ نے مزید کہا، 'یہ بڑی پریشانی کی بات ہے کہ وفاقی حکومت عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہے اور عام آدمی کی زندگی جہنم بن گء ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی بار بار درخواست کرنے کے باوجود، قدرتی گیس کا جائز حصہ سندھ کو فراہم نہیں کیا جارہا ہے اور اس صورتحال نے متعدد صنعتوں کو بند کرنے اور ہزاروں افراد کو بے روزگار کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں اور خصوصی ترقی غلام مرتضی بلوچ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے فوری طور پر اقدامات کرے بصورت دیگر عوام کو احتجاج کا حق حاصل ہے۔ غلام مرتضی بلوچ نے کہا کہ غلط پالیسیوں اور وفاقی حکومت اور اس کی کابینہ کے ممبروں کی نااہلی کی وجہ سے معاشی صورتحال دن بدن خراب سے بدتر ہوتی جارہی تھی۔