حکومتوں کی نا اہلی نے کراچی کو مسائل کی آماجگاہ بنا دیا ہے:حافظ نعیم الرحمٰن

  حکومتوں کی نا اہلی نے کراچی کو مسائل کی آماجگاہ بنا دیا ہے:حافظ نعیم الرحمٰن

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور بلدیاتی قیادت کی نا اہلی اور نا قص کارکردگی نے کراچی کو مسائل کی آماجگاہ بنا دیا ہے اور شہریوں کا کوئی پْرسان ِ حال نہیں،شہری پانی،بجلی،گیس جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، حکمران اسمبلیوں میں بیٹھے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،جماعت اسلامی شہری مسائل کے حل کے لیے پبلک ایڈ کمیٹی کے تحت عوامی سطح پر کام کررہی ہے اور عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کرتی رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ملیر کے تحت شاہ لطیف ٹاؤن میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسے سے ڈپٹی سکریٹری جماعت اسلامی کراچی عبد الرزاق خان، امیر ضلع ملیر محمد اسلام، ناظم علاقہ خواج محمد تنولی،نائب ناظم علاقہ قدرگل ودیگر نے بھی خطاب کیا۔جلسے میں مختلف برادری اور سیاسی پارٹی سے وابستہ 150افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی میں شامل ہونے والے افراد کا بھرپور خیر مقدم کیا اور کہاکہ ماضی میں بھی جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک، نادرا سمیت مختلف مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی ہے جس سے عوام کو ریلیف بھی ملا ہے۔عبد الرزاق خان نے کہا کہ موجودہ حکومت میں شامل تینوں جماعتوں کا ایک ہی مؤقف ہے،سیاسی مفادات کے لیے ہمیشہ سے متحدنظر آتے ہیں لیکن عوامی مفادا ت کے لیے کبھی بھی ایک پیچ پر نہیں ہوتے،کراچی کا پوراانفراانسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے، کراچی سے قومی خزانے میں 67فیصد ریونیو جمع ہوتاہے لیکن شہر آج بنیادی سہولیات سے محروم ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،سیوریج کا نظام تباہ ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک ماہ سے مسلسل گیس کا بحران ہے،پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے جو ہے وہ بھی گیس نہ ملنے کی وجہ سے عملاً بند ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کراچی کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ غریب اور پیسے ہوئے عوام کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،جماعت اسلامی کے تحت علاقے کی سطح پر پبلک ایڈ کمیٹیاں قائم ہیں،جہاں عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی جاتی ہے۔

مزید : صفحہ آخر