دورہ امریکا، وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے، جہاں وہ امریکی ہم منصب،مشیرقومی سلامتی اور دیگرعہدیداروں سے ملاقات کریں گے، دورے کا بنیادی مقصد سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر کشیدگی کا خاتمہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی دورہ امریکا کے دوسرے مرحلے میں واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے، پاکستان کے سفیراسد مجیدخان نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
دورے کے دوران وزیرخارجہ امریکی ہم منصب، مشیرقومی سلامتی اور دیگرعہدیداروں سے ملاقات کریں گے جبکہ ارکان امریکی کانگریس وسینیٹ اور پاکستان کاکس کی”کوچیئر”سے بھی ملیں گے۔وزیرخارجہ امریکی حکام سے ملاقاتوں میں باہمی تعلقات مزیدمستحکم بنانے پربات کریں گے اور وسیع ،طویل مدتی اورپائیدارشراکت داری کی اہمیت پر زور دیں گے۔
وزیرخارجہ کی میڈیااورپاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہے، وہ دورے کے دوران مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اورخطے میں امن پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔شاہ محمودقریشی کے دورے کا بنیادی مقصد سفارتی ذرائع بروئے کارلاکرکشیدگی کاخاتمہ، اختلافات اور تنازعات کے حل پرسفارتی کاوشوں کی حمایت کرنا ہے۔