وزیر اعظم کی ملک بھر میں مہنگائی میں کمی کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم کی ملک بھر میں مہنگائی میں کمی کرنے کی ہدایت
وزیر اعظم کی ملک بھر میں مہنگائی میں کمی کرنے کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر میں مہنگائی میں کمی کےلئے تمام وزارتوں کو ہدایات جاری کردیں، انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کےلئے مزید اقدامات کی نشاندہی کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کےلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مشیر خزانہ، مشیر تجارت، وزیر منصوبہ بندی اور معاون اطلاعات نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر اعظم کو مہنگائی میں کمی لانے کےلئے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کےخلاف کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل ترین ملکی معاشی حالات میں عوامی مسائل کا بخوبی ادراک ہے، معیشت کی بہتری کےلئے اصلاحاتی عمل میں غریب عوام کےلئے مشکلات کا بھی علم ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھرپور کوشش ہے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں، احساس پروگرام کےلئے 190 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ صحت انصاف کارڈ سے غریبوں کو لاکھوں روپے کی انشورنس دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کےلئے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز کو 7 ارب روپے مہیا کیے ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کےلئے ناجائز منافع خوری روکنی ہوگی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے تمام اقدامات کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومتوں کے ساتھ متعدد مشاورتی اجلاس کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کی نشاندہی کی جائے، ٹائم لائنز پر مبنی واضح لائحہ عمل تشکیل دیا جائے اور لائحہ عمل میں تمام وزارتوں کی ذمے داریوں کا تعین کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کے ماہانہ وظیفے میں اضافہ کرنے کی تجویز کو جلد حتمی شکل دی جائے۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کسانوں کے ریلیف کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے مشیر تجارت کو کھاد کی قیمت میں 400 روپے تک کمی کےلئے تجاویز دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ کھاد کی قیمتوں میں کمی کے لیے مطلوبہ اقدامات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ موجودہ حکومت کی واحد ترجیح عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ہے۔ وزارتیں 2 دن میں عوامی ریلیف کی فراہمی کے لیے تجاویز پر عمل درآمد رپورٹ پیش کریں۔