ڈی جی آئی ایس پی آر کو تبدیل کر دیا گیا، میجر جنرل بابر افتخار پاک فوج کے نئے ترجمان ہوں گے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاک فوج میں بڑے عہدوں پر تقرریاں اور تبادلے کر دیئے گئے ہیں ، میجرجنرل آصف غفور کوعہدے سے ہٹاتے ہوئے میجر جنرل بابرافتخار کو ڈی جی آئی ایس پی آر بنا دیا گیا ہے تاہم پاک فوج کی جانب سے تاحال باضابطہ اعلان سامنے نہیں آ سکا ہے۔
سینئر صحافی روف کلاسرا نے ٹویٹر کا سہارا لیا اور صرف اتنا ہی پیغام جاری کیا کہ ” میجر جنرل بابرافتخار نئے ڈی جی آئی ایس پی آر ہوں گے ۔“ ان کے علاوہ صحافی اعزازسید نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ فوج میں تقرریاں اور تبادلے کر دیئے گئے ہیں ، میجر جنرل بابرافتخار کو ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کر دیا گیاہے جبکہ آصف غفور کو 40 ڈویژن اوکاڑہ کا جنرل کمانڈنگ آفیسر تعینات کر دیا گیا ہے۔میجر جنرل اظہر وقاص کو ملٹری انٹیلی جینس کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کردیا گیا۔ میجرجنرل آصف غفور 2016 میں پاک فوج کے ترجمان مقرر ہوئے اور انہوں نے تین سال ایک ماہ تک فرائض انجام دیئے تاہم اب ان کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔